
طوفانوں کی وجہ سے فصلیں تباہ، تصویر، آئی اے این ایس
آندھرا پردیش میں حال ہی میں آنے والے ارنب اور مراسو طوفان کی وجہ سے 461194 ہیکٹیئر رقبے پر پھیلی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔ طوفانوں کی وجہ سے 29960 ہیکٹیئر رقبے میں باغبانی کی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ریاست کے وزیر زراعت کنجراپو اچن نائیڈو نے منگل کی صبح سینئر افسران کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعے حالیہ طوفانوں سے زرعی اور باغبانی کی فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا۔ افسران نے بتایا کہ ارنب طوفان کے اثر سے 15 اضلاع میں 327843 ہیکٹیئر رقبے پر فصلیں تباہ ہوگئیں، جس سے 523136 کسان متاثر ہوئے۔ متاثرہ اضلاع میں مجموعی طور پر 1090933 ہیکٹیئر رقبے پر کھیتی کی گئی تھی، جس میں سے 30.05 فیصد حصے کی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ افسران کے مطابق اس سے 978091 ٹن پیداوار کا نقصان ہوا ہے، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 2392.84 کروڑ روپے کا مالی نقصان ہوا ہے۔
صرف ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کوناسیما ضلع میں زیر کاشت کل رقبے کا 99.19 فیصد حصہ تباہ ہو گیا۔ اس سے 94808 کسان متاثر ہوئے اور 348.88 کروڑ روپے کا مالی نقصان ہوا۔ ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ اور قومی ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ کے تحت کروڑوں روپے کی ضرورت پڑنے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ افسران نے یہ بھی بتایا کہ مراسو طوفان کی وجہ سے 9 اضلاع میں 133351 ہیکٹیئر رقبے پر فصلیں تباہ ہوگئیں، جس سے 186269 کسان متاثر ہوئے۔ مجموعی طور پر 562445 ہیکٹیئر زیر کاشت رقبے میں سے 23.71 فیصد حصے کی فصلیں برباد ہو گئیں۔ اس سے 338302 ٹن پیداوار کا نقصان ہوا ہے اور مجموعی طور پر 816.53 کروڑ روپے کا مالی نقصان ہونے کا اندازہ ہے۔
ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کے تحت 321.64 کروڑ روپے اور 266.67 کروڑ روپے کی ضرورت پیش آنے کا امکان ہے۔ افسران نے بتایا کہ ارنب طوفان کی وجہ سے 15 اضلاع کے 215 بلاکوں اور 1310 گاؤں میں 23211.48 ہیکٹیئر رقبے میں باغبانی کی فصلیں تباہ ہوئی ہیں، جس میں 58990 کسان متاثر ہوئے ہیں۔ 58630 کسانوں سے وابستہ 23035.08 ہیکٹیئر (99.24 فیصد) علاقے کا اینومریشن مکمل ہو چکا ہے۔ باقی 176.40 ہیکٹیئر علاقے، جس میں 360 کسان شامل ہیں، اس کی تشخیص ابھی باقی ہے۔ 15 اضلاع میں سے 14 اضلاع میں تشخیص کا کام 100 فیصد مکمل ہو چکا ہے، جبکہ ضلع کرشنا میں یہ 86.67 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
افسران نے بتایا کہ مراسو طوفان کے اثر سے 8 اضلاع کے 106 بلاکوں اور 530 گاؤں میں 6748.52 ہیکٹیئر رقبے پر باغبانی کی فصلوں کو نقصان پہنچا، جس سے 12586 کسان متاثر ہوئے۔ اب تک 3392 کسانوں سے متعلق صرف 2211.73 ہیکٹیئر (32.77 فیصد) رقبے کا ہی جائزہ مکمل ہو سکا ہے، جبکہ 4536.79 ہیکٹیئر رقبے سے وابستہ 9194 کسانوں کا اندراج اب بھی باقی ہے۔ وزیر اچن نائیڈو نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ دونوں طوفانوں سے ہونے والے نقصان کا زمینی سطح پر جامع جائزہ لیں۔ اس کے ساتھ ہی ضلع وار ان علاقوں اور کسانوں کی نشاندہی کریں، جن کا ابھی تک اندراج نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جائزے کے عمل میں تیزی لائی جائے، تاکہ کوئی بھی مستحق کسان امداد سے محروم نہ رہ جائے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔