قومی خبریں

کھانسی یا چھینک کے وقت منہ ڈھانپیں، بھیڑ سے پرہیز کریں، دہلی میں پھیل رہا ہے ’ایچ 1 این 1‘، حکومت نے جاری کی ایڈوائزری

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اگر بخار، کھانسی، گلے میں خراش، سانس لینے میں دشواری، جسم میں درد یا سر درد جیسی کوئی بھی علامات ظاہر ہو تو ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

سوائن فلو
سوائن فلو 

قومی راجدھانی دہلی میں ’ایچ 1 این 1‘ یعنی سوائن فلو کے معاملات تیزی سے بڑھ رہے ہیں، جس سے تشویش پیدا ہو گئی ہے۔ اس دوران دہلی حکومت نے صحت سے متعلق ایڈوائزری جاری کی ہے۔ حکومت نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سانس سے متعلق صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں، بھیڑ بھاڑ والی جگہوں سے گریز کریں اور علامت ظاہر ہونے پر بروقت ڈاکٹر سے مشورہ لیں۔ اس سال دہلی میں انفلوئنزا- اے کے 2300 سے زیادہ معاملات سامنے آئے ہیں، جن میں جمعہ تک ’ایچ 1 این 1‘ کے 1777 سے زائد معاملات شامل ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق صرف جمعرات کے روز ’ایچ 1 این 1‘ کے 114 معاملے سامنے آئے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ سوائن فلو کے معاملے کتنی تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ صحت سے متعلق ایڈوائزری میں لوگوں سے احتیاط برتنے کو کہا گیا ہے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ کھانستے یا چھینکنے کے وقت اپنا منہ اور ناک کو ڈھانپیں، ہاتھوں کو صابن اور پانی سے باقاعدگی سے دھوئیں اور بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر ماسک پہنیں۔ اس کے ساتھ ہی سانس سے متعلق بیماری میں مبتلا افراد سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ وہیں لوگوں کو آنکھوں اور ناک کو چھونے سے گریز کرنے، عوامی مقامات پر نہ تھوکنے اور مناسب مقدار میں سیال اشیا استعمال کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اگر بخار، کھانسی، گلے میں خراش، سانس لینے میں دشواری، جسم میں درد یا سر درد جیسی کوئی بھی علامات ظاہر ہو تو ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ محکمہ صحت نے ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر دوا لینے سے گریز کرنے کو کہا ہے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ دہلی انفلوئنزا کے بڑھتے ہوئے معاملے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ اسپتالوں میں مناسب تعداد میں بستر، ڈاکٹر، ادویات اور ضروری طبی آلات دستیاب ہیں۔ محکمے نے بتایا کہ 35 اسپتالوں کو خصوصی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ دہلی میں واقع آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) اور نیشنل سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول یعنی (این سی ڈی سی) میں 2 ریفرل لیبارٹریاں بھی مقرر کی گئی ہیں۔

اس کے ساتھ ہی مریضوں کی درجہ بندی، علاج کے پروٹوکول، وینٹی لیٹر سے متعلق انتظام، ماسک کے استعمال اور گھر پر دیکھ بھال سے متعلق تکنیکی رہنما ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ چیف ڈسٹرکٹ میڈیکل افسران، ضلعی نگرانی افسران اور اسپتالوں کو انفلوئنزا جیسی علامت والی بیماری (آئی ایل آئی)، شدید سانس کے انفیکشن، انفلوئنزا اور کووڈ-19 کے معاملے کی جانچ، رپورٹنگ اور نگرانی کے سلسلے میں ایڈوائزری بھیجی گئی ہے۔ یہ کام رہنما ہدایات کے مطابق انٹیگریٹڈ ہیلتھ انفارمیشن پلیٹ فارم پورٹل پر کیا جا رہا ہے۔

محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ جمعرات کے روز انفلوئنزا کے 159 معاملے سامنے آئے۔ ان میں 155 معاملات انفلوئنزا- اے کے تھے، جن میں 114 ’ایچ 1 این 1‘، دو  اییچ1، ایک ایچ3 اور انفلوئنزا- اے کے 38 دیگر معاملے شامل تھے۔ اس کے علاوہ انفلوئنزا- بی کے بھی 4 معاملے سامنے آئے۔ جمعہ تک اس سال دہلی میں انفلوئنزا کے کل 2602 معاملے سامنے آ چکے ہیں۔ ان میں 2392 انفلوئنزا- اے اور 210 انفلوئنزا- بی کے معاملے ہیں۔ جمعہ کے روز مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا اور وزارت صحت کے سینئر حکام کے ساتھ دہلی کے وزیر صحت پنکج کمار سنگھ اور محکمہ صحت کے حکام نے میٹنگ کرکے سوائن فلو کی صورت حال کا جائزہ لیا۔ سنگھ نے بتایا کہ صورت حال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور تمام سرکاری اسپتالوں کو علاج کے لیے مناسب انتظامات رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔