قومی خبریں

لاک ڈاؤن: گجرات سے پیدل لوٹنے کو مجبور راجستھان کے ہزاروں بے یار و مددگار مزدور

گجرات مہاجر مزدور کانگریس کے سربراہ اشوک پنجابی کا دعویٰ ہے کہ صرف احمد آباد سے ہی پچاس ہزار سے زیادہ راجستھانی مزدور پیدل اپنے اپنے گھروں کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

پورے ملک میں لاک ڈاؤن کے درمیان دہاڑی کمانے کھانے والوں اور مزدوروں کے لیے روزی روٹی کا بڑا مسئلہ کھڑا ہو گیا ہے، اور ایسے مزدوروں کے لیے پریشانیاں مزید بڑھ گئی ہیں جو اپنے گھروں سے دور دوسری جگہوں پر کام کر رہے ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق گجرات میں ہزاروں ایسے مزدور ہیں جن کا تعلق راجستھان سے ہے، اور وہ اب ٹرانسپورٹ خدمات بند ہونے کی وجہ سے پیدل اپنے گھروں کی طرف نکل پڑے ہیں۔

Published: undefined

احمد آباد میں کافی وقت سے کام کر رہے راجستھان کے ڈونگرپور ضلع کے باشندہ رادھے شیام سے جب میڈیا کے ایک اہلکار نے سوال کیا کہ وہ لاک ڈاؤن کے درمیان سفر کیوں کر رہے ہیں، تو انھوں نے واضح لفظوں میں کہہ دیا کہ "بغیر کسی کمائی کے یہاں رہنے کا کوئی مطلب ہی نہیں ہے۔" رادھے شیام نے اپنا درد بیان کرتے ہوئے مزید کہا کہ "ہم لوگ یہاں چائے کی دکانوں یا کھانے پینے کی ریہڑی پر کام کرتے ہیں۔ چونکہ سب کچھ بند ہے اس لیے ہمارے مالکوں نے ہم سے کہہ دیا ہے کہ حالات ٹھیک ہو جائیں تب آنا۔ اتنے دنوں خالی بیٹھنے کا کیا فائدہ۔ بس اور سفر کے دوسرے ذرائع دستیاب نہیں ہیں اس لیے ہم نے پیدل ہی گھر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔"

Published: undefined

کچھ ایسی ہی حالت مانگی لال نامی مزدور کی ہے جو اس 50 رکنی گروپ کا حصہ ہے جس نے منگل کی شب پیدل سفر شروع کیا تھا۔ راجستھان کے اودے پور باشندہ مانگی لال کا کہنا ہے کہ "مجھے وائرس کے خطرے کے بارے میں پتہ ہے لیکن ہم مجبور ہیں۔ بغیر کمائی کے تین ہفتے تک زندہ کیسے رہیں گے؟ ہمارے پاس مکان مالک کو دینے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ اس سے اچھا ہے کہ ہم اپنے گھروں کو چلے جائیں۔"

Published: undefined

گجرات مہاجر مزدور کانگریس کے سربراہ اشوک پنجابی کا دعویٰ ہے کہ صرف احمد آباد سے ہی پچاس ہزار سے زیادہ راجستھانی مزدور پیدل اپنے اپنے گھروں کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ احمد آباد کانگریس کے ایک لیڈر نے مزدوروں کی اس مجبوری کو درست ٹھہرایا اور کہا کہ بہت زیادہ دنوں تک بغیر کمائی کے دوسری ریاستوں میں رہنا ان کے لیے مشکل ہے۔ حالات کو دیکھتے ہوئے کانگریس لیڈر نے راجستھان حکومت سے گزارش کی ہے کہ گجرات-راجستھان سرحد کے پاس واقع ارولّی ضلع کے شامل جی علاقہ میں ایسے مزدوروں کے پہنچنے پر ان کے لیے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا جائے۔

Published: undefined

اس درمیان گاندھی رینج کے پولس ڈائریکٹر جنرل مینک سنگھ چاؤڑا کا کہنا ہے کہ پولس مزدوروں کو انسانیت کے ناطے کھانے کے پیکڑ اور پانی دستیاب کروا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ "ہم ان مہاجر مزدوروں کو راجستھان واپس جانے سے روکنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں کیونکہ ان کے سفر کرنے سے لاک ڈاؤن کا مقصد کامیاب نہیں ہوگا۔"

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined