قومی خبریں

بہار: 15 لاکھ رشوت میں نہ دینے پر ٹھیکیدار کا زندہ جلا کر قتل، ایس آئی ٹی تشکیل

ٹھیکیدار کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ رما شنکر سنگھ کو اس لئے زندہ جلا کر مار ڈالا گیا کیونکہ انہوں نے رشوت دینے سے انکار کر دیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

سُشاسن بابو نتیش کمار کے بہار سے ایک دل دہلانے والی خبر آئی ہے۔ خبر ہے کہ پیسے لینے گئے ٹھیکیدار کو زندہ جلا کر مار ڈالا گیا۔ آگ میں شدید زخمی اس ٹھیکیدار کوعلاج کے لئے گورکھپور ہسپتال بھیجا گیا تھا لیکن گورکھپور پہنچنے سے پہلے ہی اس کی موت ہو گئی۔ یہ واقعہ گوپال گنج کی گنڈک کالونی میں واقع محکمہ گنڈک کے چیف انجینئر کے گھر پر پیش آیا۔ ٹھیکیدار کا نام رماشنکر سنگھ ہے۔ رما شنکر سنگھ کے بیٹے کا الزام ہے کہ گھر بننے کے بعد بقایہ ادائیگی کے لئے چیف انجینئر کی جانب سے 15 لاکھ روپے کی رشوت مانگی جا رہی تھی۔

Published: 30 Aug 2019, 4:10 PM IST

بتایا جا رہا ہے کہ گنڈک کالونی کے چیف انجینئر کے گھر کی تعمیر کا ٹھیکہ رما شنکر سنگھ کو ملا تھا۔ رما شنکر سنگھ کے بیٹےپرتاپ سنگھ کے مطابق چیف انجینئر کے گھر کی تعمیر پر ایک کروڑ باون لاکھ روپے خرچ ہوئے تھے۔ گھر کی تعمیر پورا ہو جانے کے بعد بھی قریب ساٹھ لاکھ روپے کی ادائیگی باقی تھی۔ الزام ہے کہ 60 لاکھ روپے کی ادائیگی کے لئے چیف انجینئر مرلی دھر سنگھ کے ذریعہ 15 لاکھ روپے کی رشوت مانگی جا رہی تھی جس کو لے کر کئی ماہ سے ادائیگی نہیں کی جا رہی تھی۔

Published: 30 Aug 2019, 4:10 PM IST

اسی ادائیگی کو لے کر ٹھیکیدار رماشنکر سنگھ چیف انجینئر مرلی دھر کے نو تعمیر شدہ مکان پر گئے تھے۔ رما شنکر سنگھ کے بیٹے کا الزام ہے کہ جب ان کے والد چیف انجینئر کے مکان پر پیسے لینے گئے تو اسی دوران گارڈ روم میں ان کو زندہ جلا دیا گیا۔ رما شنکر کے اہل خانہ نے چیف انجینئر، ان کی اہلیہ اور دیگر افراد پر قتل کا الزام لگایا ہے۔ اس معاملہ میں شہر تھانے میں چیف انجینئر، سپرنٹنڈنگ انجینئر اور ایگزیکٹو انجینئر سمیت چار انجان افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔اس معاملہ کی جانچ کے لئے ایس ٓائی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

Published: 30 Aug 2019, 4:10 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 30 Aug 2019, 4:10 PM IST