
بارش سے سیلاب کا منظر / فائل تصویر، آئی اے این ایس
مہاراشٹر میں مسلسل ہونے والی موسلادھار بارش نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ پونے، ناسک، رائے گڑھ، سانگلی، احمد نگر اور جلگاؤں میں سیلاب جیسے حالات پیدا ہو چکے ہیں۔ ندیاں طغیانی پر ہیں اور ڈیموں سے مسلسل پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔ ممبئی میں بھی حالات خراب ہیں اور محکمۂ موسمیات نے یلو الرٹ کی جگہ اب آرینج الرٹ جاری کر دیا ہے۔
رائے گڑھ ضلع میں نیرل-کلمب روڈ واقع دیولی پل ایک بار پھر پانی میں غرق ہو گیا ہے، جس کے باعث 25 سے 30 گاؤں کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ جلگاؤں ضلع کے مکتائی نگر میں وقفہ وقفہ سے ہونے والی بارش سے کسانوں کو راحت ملی ہے اور خریف کی بوائی میں تیزی آنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ احمد نگر ضلع کے شری گوندا علاقہ میں بھیما ندی میں سیلاب آنے کے باعث آر وی بیٹ گاؤں کا رابطہ کٹ گیا ہے۔ تقریباً 200 دیہی عوام بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور انتظامیہ کشتیوں کے ذریعہ انھیں ضروری سامان اور امداد پہنچا رہی ہے۔ ضلع میں یلو الرٹ جاری ہے جبکہ بھنڈاردرا، مُلا اور نلوندے ڈیموں میں پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
پونے کے گھاٹ علاقوں میں مسلسل بارش کے بعد کھڑک واسلا ڈیم اپنی مکمل گنجائش تک بھر گیا ہے۔ ڈیم سے تقریباً 27,203 کیوسک پانی مٹھا ندی میں چھوڑا جا رہا ہے۔ اس کے پیش نظر دریا کے کنارے رہنے والے لوگوں کو محتاط رہنے اور ندی سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ایکتا نگر میں مٹھا ندی کا پانی گھروں اور سوسائٹی کی پارکنگ تک پہنچ گیا، جس سے کئی گاڑیاں زیر آب آ گئیں۔
ادھر سنت گیانیشور مہاراج کی پالکی یاترا بھی بارش سے متاثر ہوئی ہے۔ اندرائنی ندی میں سیلاب کے باعث مندر جانے والا پل پانی میں ڈوب گیا ہے۔ اس کے باوجود محدود تعداد میں وارکریوں کی موجودگی میں پالکی یاترا نکالی جا رہی ہے۔ سیکورٹی کے لیے 8,500 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور پہلی بار مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے نگرانی کی جا رہی ہے۔ یاترا کے راستے میں کئی سڑکیں بند کر کے متبادل راستے مقرر کیے گئے ہیں۔
شدید بارش کا اثر پونے-ممبئی ریل روٹ پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ مسلسل دوسرے دن ریل خدمات متاثر رہیں۔ 14 ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ 13 ٹرینوں کے راستے تبدیل کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب پونے-ناسک ہائی وے کے چاکن-واکی علاقے میں پانی بھر جانے کے باعث ٹریفک مکمل طور پر متاثر ہو گئی۔ ناسک میں گوداوری ندی کی سطح آب مسلسل بڑھ رہی ہے۔ رام کنڈ کے اطراف کے چھوٹے مندر پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ تریمبکیشور میں شدید بارش کے باعث کئی سڑکیں ندی کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ ضلع میں آئندہ 2 دنوں کے لیے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اگت پوری کے بھوانی نگر اور پمپری گیٹ علاقوں میں کئی گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث لوگوں کو گھروں سے نکلنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں نے نگر پریشد پر نکاسیٔ آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کا الزام لگایا ہے۔
سانگلی میں چاندولی ڈیم کے آبی ذخیرہ علاقہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 146 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ڈیم میں پانی کی آمد بڑھنے سے ذخیرہ 52 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ شرالا میں ایک ٹرک نالے میں گر گیا، جس میں ڈرائیور سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔ تقریباً 3 گھنٹے کے ریسکیو آپریشن کے بعد ڈرائیور کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined