قومی خبریں

دہلی میں ’ایس آئی آر‘ کے لیے کانگریس کی خصوصی مہم، بابرپور میں امدادی کیمپ کا آغاز

دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے کہا کہ ’’کانگریس کی کوشش ہے کہ کوئی بھی اہل شہری اپنے ووٹنگ کے حق سے محروم نہ رہے اور جمہوری عمل میں سب کی شرکت یقینی بنائی جا سکے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>دہلی کانگریس صدر، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

دہلی کانگریس صدر، تصویر/آئی اے این ایس

 

دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے منگل کو بابرپور حلقہ اسمبلی میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) مہم کے تحت منعقدہ امدادی کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کانگریس کا مقصد تمام اہل شہریوں کو ان کے حق رائے دہی کا فائدہ دلانا اور ووٹر لسٹ سے وابستہ مسائل کا بروقت حل یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ 8 اگست تک چلنے والی اس مہم میں پوری سرگرمی کے ساتھ لوگوں کی مدد کریں۔

خبر رساں ایجنسی ’آئی اے این ایس‘ سے خاص گفتگو میں دیویندر یادو نے بتایا کہ گزشتہ تقریباً 25 دنوں سے ہمارے بی ایل اے-2 گھر گھر جا کر ووٹرس کے فارم بھروانے اور ان کے مسائل حل کرنے میں مصروف ہیں۔ اسی سلسلے میں پہلے بھی مختلف بلاک کی سطح پر چھوٹے چھوٹے امدادی کیمپ لگائے گئے تھے، جہاں ووٹرس کو ضروری تعاون فراہم کیا گیا۔ اب مہم کو ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے بابرپور اسمبلی کے ہر ایک بلاک میں اس طرح کے امدادی کیمپ شروع کیے گئے ہیں۔ ان کیمپوں میں تربیت یافتہ بی ایل اے-2 اور کانگریس کے کارکنان موجود رہ کر ووٹرس کو درپیش ہر قسم کے مسائل حل کر رہے ہیں۔

دیویندر یادو نے بتایا کہ اگر کسی ووٹر کا پرانا ووٹ 2022 کی ووٹر لسٹ میں درج تھا اور اسے تلاش کرنے میں پریشانی ہو رہی ہے یا کسی شخص کا فارم اب تک نہیں بھرا جا سکا ہے، تو کیمپ میں اس کا آن لائن درخواست کا عمل بھی مکمل کرایا جا رہا ہے۔ مہم کے دوران اب تک لوگوں کو جن جن مسائل کا سامنا کرنا پڑا ان کے حل کے مقصد سے یہ کیمپ لگائے گئے ہیں۔ بابرپور ضلع کانگریس کمیٹی کی جانب سے ضلع صدر راج کمار کے تعاون سے ہر ایک بلاک میں یہ مہم چلائی جا رہی ہے۔ 8 اگست تک یعنی جب تک ایس آئی آر کا عمل جاری رہے گا یہ امدادی کیمپ مسلسل کام کرتے رہیں گے۔

اس سے قبل لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے دیویندر یادو نے کہا کہ ان کے کارکنان لوگوں کو ان کے ووٹ کا حق دلانے کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس کام کے لیے تمام کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ مہم صرف 8 تاریخ تک محدود نہیں رہنی چاہیے۔ ایس آئی آر کے عمل کے بعد ووٹر لسٹ کا ڈرافٹ شائع ہوگا اور اس کے بعد بھی دعووں اور اعتراضات کا عمل چلے گا۔ ایسے میں کارکنان کو آگے بھی سرگرم رہ کر لوگوں کی مدد کرنی ہوگی۔

دیویندر یادو نے مشورہ دیا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں طے شدہ مقامات پر 5-5 کارکنان کی ٹیمیں بٹھائی جائیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ ووٹرس کو مدد مل سکے اور ووٹر لسٹ سے متعلق کسی بھی مسئلے کا جلد حل تلاش کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کی کوشش ہے کہ کوئی بھی اہل شہری اپنے ووٹنگ کے حق سے محروم نہ رہے اور جمہوری عمل میں سب کی شرکت یقینی بنائی جا سکے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔