پریس کانفرنس کا منظر، ویڈیو گریب
گزشتہ ڈیڑھ دہائی سے ہندوستان سمیت پوری دنیا میں نفرت اور سماج کو تقسیم کرنے والی سیاست کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف کانگریس نے عالمی سطح پر ترقی پسند اور لبرل سیاسی پارٹیوں کو متحد کرنے کی پہل کی ہے۔ اسی سلسلے میں تلنگانہ کے حیدرآباد میں 13 اور 14 نومبر کو ’بھارت سمٹ‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں تقریباً 70 ممالک کے ایک ہزار مندوبین، پالیسی سازوں اور دنیا بھر کی ترقی پسند تحریکوں کے اہم رہنما شرکت کریں گے۔ کانگریس لیڈران نے اس سلسلے میں ایک پریس کانفرنس کر اہم جانکاریاں دیں۔ انھوں نے کہا کہ اس سمٹ کا مقصد نفرت اور تقسیم کی سیاست کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ہندوستان اور دنیا کے مستقبل کے لیے ایک متبادل سیاسی ویژن پیش کرنا اور ابھرتے ہوئے نئے عالمی نظام پر سنجیدہ مکالمے کو آگے بڑھانا ہے۔
کانگریس کے شعبۂ خارجہ امور کے چیئرمین سلمان خورشید نے اس پریس کانفرنس میں بتایا کہ سمٹ کے انعقاد میں کانگریس قیادت کی حمایت اور رہنمائی حاصل رہی ہے، جس کے لیے وہ قیادت کے شکر گزار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ سمٹ 2 اہم تاریخی مواقع کے ساتھ منعقد ہو رہی ہے۔ پہلا موقع پنڈت جواہر لعل نہرو کی 137ویں یوم پیدائش کا ہے، جن کی سوچ اور نظریات آج بھی کانگریس میں خارجہ پالیسی کی تشکیل اور اس پر غور و فکر کے لیے تحریک کا ذریعہ ہیں۔ دوسرا موقع ہندوستان کی آزادی کے 80ویں سال کا ہے۔
سلمان خورشید نے کہا کہ ’بھارت سمٹ‘ میں 70 ممالک سے تقریباً ایک ہزار مندوبین کی شرکت متوقع ہے۔ ان میں پالیسی سازوں کے علاوہ دنیا بھر کی ترقی پسند تحریکوں کے نمایاں رہنما بھی شامل ہوں گے۔ اس اجتماع کا بنیادی مقصد راہل گاندھی کے اس ویژن کی عکاسی کرنا ہے، جو وہ ہندوستان اور آنے والی دنیا کے لیے رکھتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی عالمی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیوں اور ایک نئے عالمی نظام کے ظہور پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ سمٹ میں 12 بین الاقوامی اجلاسوں کے علاوہ تلنگانہ سے متعلق آٹھ اہم اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔
تلنگانہ کے وزیر سری دھر بابو نے اس موقع پر کہا کہ مختلف ممالک سے سینکڑوں مندوبین کی حیدرآباد میں موجودگی اور ان کے درمیان ہونے والی سنجیدہ بحث و مباحثے سے تلنگانہ کی حکمرانی کے نظام اور ریاست کے عوام کو بڑا فائدہ پہنچے گا۔ پروگرام میں 12 بین الاقوامی اجلاسوں کے ساتھ 4 الگ الگ موضوعاتی شعبوں کے تحت نو پینل مباحثے بھی شامل ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ سمٹ میں عالمی جغرافیائی و سیاسی صورت حال، نئے عالمی نظام، سماجی چیلنجز، موسمیاتی تبدیلی، ذرائع ابلاغ کے کردار، بین الاقوامی صحافت اور اطلاعات کی سچائی و شفافیت جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئیں گے۔ اس کے علاوہ ’تلنگانہ رائزنگ‘ کے عنوان سے آٹھ اجلاس منعقد کیے جائیں گے، جن میں مستقبل کا شہر اور شہری کاری، معاشی انصاف، سماجی انصاف، فلاحی پالیسیاں، باہمی تعاون پر مبنی وفاقیت، ثقافت و سماج، نوجوانوں اور کھیلوں کے مسائل کے ساتھ تلنگانہ اور پورے ہندوستان میں انتخابی شفافیت جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔ بین الاقوامی اجلاس ایچ آئی سی سی میں جبکہ ’تلنگانہ رائزنگ‘ کے اجلاس ہائی ٹیکس میں منعقد ہوں گے۔
سری دھر بابو نے میڈیا اہلکاروں کو بتایا کہ ’بھارت سمٹ‘ کے بعد 7 سے 9 دسمبر تک ’انویسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ 2026‘ کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ بھارت سمٹ میں شرکت کرنے والے شراکت داروں اور مندوبین کے ساتھ ممکنہ سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا اور انھیں انویسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت بھی دی جائے گی۔
تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر بوما مہیش کمار گوڑ نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ میں دوسری مرتبہ اس نوعیت کا ایک بڑا بین الاقوامی پروگرام منعقد ہونے جا رہا ہے اور بھارت سمٹ کی میزبانی کرنا ریاست کے لیے فخر کی بات ہے۔ انھوں نے بتایا کہ تقریباً 70 ممالک سے ترقی پسند نظریات رکھنے والے بین الاقوامی مفکرین اس سمٹ میں شرکت کریں گے۔
میڈیا اہلکاروں کے سامنے کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن گردیپ سپل نے عالمی سیاست میں بڑھتی ہوئی نفرت اور تقسیم کے رجحان پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 15 برسوں سے ہندوستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں نفرت پر مبنی اور سماج کو تقسیم کرنے والی سیاست کا دور چل رہا ہے۔ اس سیاست سے عوام کو زبردست نقصان پہنچا ہے اور دنیا بھر کی ترقی پسند و لبرل سیاسی پارٹیاں بھی اس حقیقت کو سمجھ رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس نے اس صورت حال کے خلاف ایک پہل کی ہے اور دنیا بھر کی سیاسی پارٹیوں کو نفرت کی سیاست کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کر رہی ہے۔ گزشتہ سال بھی حیدر آباد میں بھارت سمٹ منعقد کی گئی تھی اور اس سال دوبارہ اس کا انعقاد اسی سلسلے کو آگے بڑھانے کی کوشش ہے۔
گردیپ سپل نے موجودہ سیاسی نظام میں ٹیکنالوجی اور بڑی کمپنیوں کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا کی سیاست کو آئی ٹی شعبے کی بڑی بڑی کمپنیاں اور اس کے سرکردہ افراد براہ راست کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ سیاست آہستہ آہستہ کمپنیوں کے ہاتھوں میں جا رہی ہے۔ ایسے حالات میں سیاسی پارٹیوں کے لیے فکری اور نظریاتی مشق انتہائی ضروری ہو گئی ہے، تاکہ سماج اور سیاست کو سمجھنے والے لوگ ان تبدیلیوں کا تجزیہ کریں اور ان کے عملی حل تلاش کر سکیں۔
گردیپ سپل نے بتایا کہ جب راہل گاندھی برلن کے دورے پر تھے، اسی وقت یہ خیال زیر بحث آیا تھا کہ ایک ایسا ’تھنک ٹینک‘ قائم کیا جائے جس میں دنیا بھر کی ترقی پسند سیاسی پارٹیوں کے نمائندے شامل ہوں۔ اس کا مقصد عالمی سیاست کی بدلتی ہوئی شکل اور اس پر بڑی کمپنیوں و ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے اثرات کا جواب تلاش کرنا ہے۔ گردیپ سپل کے مطابق حیدرآباد میں ہونے والی بھارت سمٹ اسی کوشش کا آغاز ثابت ہوگی، جس میں 70 شراکت دار حصہ لیں گے۔
کانگریس لیڈران کے مطابق بھارت سمٹ محض ایک بین الاقوامی اجتماع نہیں بلکہ دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی نفرت، فرقہ وارانہ تقسیم، جمہوری اداروں پر دباؤ اور کمپنیوں کے بڑھتے ہوئے سیاسی اثر و رسوخ کے خلاف ترقی پسند قوتوں کو متحد کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے۔ ایسے وقت میں جب مودی حکومت پر ملک میں سیاسی اختلاف کو دبانے، سماجی تقسیم کو بڑھاوا دینے اور جمہوری اداروں کی خودمختاری کو کمزور کرنے کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں، کانگریس اس سمٹ کے ذریعے ہندوستان کی سیاست کو عالمی جمہوری و ترقی پسند تحریکوں سے جوڑنے اور ایک متبادل سیاسی و فکری سمت پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔