
تصویر آئی اے این ایس
نئی دہلی: کانگریس نے پیپر لیک، امتحانی بے ضابطگیوں، بے روزگاری اور نوجوانوں سے متعلق مسائل کو لے کر ملک گیر مہم کے پہلے مرحلے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال نے کہا ہے کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی رہنمائی اور راہل گاندھی کی قیادت میں یہ مہم شروع کی جا رہی ہے، جس کا مقصد ملک بھر کے طلبہ اور نوجوانوں کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنا ہے۔
Published: undefined
کے سی وینوگوپال کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس مہم کا آغاز 17 جون کو راجستھان کے کوٹا سے ہوگا۔ اس کے بعد 10 جولائی کو الٰہ آباد، 11 جولائی کو پٹنہ اور 14 جولائی کو دہلی میں بڑے طلبہ کنونشن منعقد کیے جائیں گے۔ ان پروگراموں میں طلبہ، نوجوان تنظیموں، اساتذہ اور امتحانی گھوٹالوں سے متاثر افراد کو شریک کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ راہل گاندھی ملک کے نوجوانوں اور طلبہ کی آواز کے طور پر ابھرے ہیں اور وہ ان مسائل کو قومی سطح پر اٹھا رہے ہیں۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ لاکھوں نوجوانوں کا مستقبل بار بار ہونے والے پیپر لیک واقعات، امتحانات کے بڑھتے اخراجات اور شفاف بھرتی و تعلیمی نظام کی عدم موجودگی سے متاثر ہو رہا ہے، جس پر توجہ دینا ضروری ہے۔
Published: undefined
پارٹی کے مطابق اس مہم کے دوران نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا، یوتھ کانگریس، ریاستی اور ضلعی کانگریس کمیٹیوں سمیت مقامی تنظیمی ڈھانچے کو متحرک کیا جائے گا۔ طلبہ تک رسائی کے لیے تعلیمی اداروں، کوچنگ مراکز اور نوجوانوں کے مراکز میں رابطہ مہم چلائی جائے گی۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا مہم، عوامی رابطے، ڈیجیٹل دعوت نامے اور نوجوانوں کے ساتھ براہ راست مکالمے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
کانگریس نے کہا ہے کہ اس مہم کا مقصد سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے تاکہ وہ اپنے تجربات بیان کر سکیں اور امتحانی نظام میں بار بار سامنے آنے والی خامیوں اور پیپر لیک معاملات پر جواب دہی کا مطالبہ کر سکیں۔
Published: undefined
پارٹی نے یہ بھی واضح کیا کہ مہم کے دوران راہل گاندھی کی جانب سے پہلے اٹھائے گئے مطالبات کو عوام کے درمیان لے جایا جائے گا۔ ان مطالبات میں نیٹ امتحان کے نظام میں اصلاحات، امتحانی فیس میں راحت، پیپر لیک میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی اور اعلیٰ سطح پر جواب دہی طے کرنے جیسے نکات شامل ہیں۔
کے سی وینوگوپال نے کہا کہ کانگریس ان مسائل کو قومی اہمیت کا معاملہ سمجھتی ہے۔ اسی لیے پارٹی پارلیمنٹ میں نوجوانوں کو درپیش بحران پر جامع بحث کا مطالبہ کرے گی اور ان کے حقوق، مفادات اور مستقبل کے تحفظ کے لیے ضروری قانون سازی کی حمایت کرے گی۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined