
ویڈیو گریب
نئی دہلی، یکم جولائی: کانگریس نے مرکزی حکومت کی جانب سے یکم جولائی 2026 سے منریگا کی جگہ وی بی گرام جی منصوبہ نافذ کیے جانے کو غریبوں کے حقوق پر بڑا حملہ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ حکومت نے روزگار کی ضمانت دینے والی ایک عوامی مفاد کی اسکیم کو ختم کر دیا ہے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ نئی اسکیم کو فوری طور پر واپس لے کر منریگا کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا جائے اور مزدوروں کی کم از کم یومیہ اجرت 500 روپے مقرر کی جائے۔
Published: undefined
کانگریس کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اور دیہی ترقی و پنچایتی راج سے متعلق پارلیمانی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سپت گری اولاکا نے کہا کہ منریگا ایک حق پر مبنی اور مانگ کے مطابق روزگار فراہم کرنے والا قانون تھا۔ اس کے تحت اگر کوئی مزدور کام کا مطالبہ کرتا تھا تو حکومت پر روزگار فراہم کرنا لازمی تھا، بصورت دیگر بے روزگاری بھتہ دینے کی قانونی ذمہ داری عائد ہوتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وی بی گرام جی منصوبہ اس کے برعکس سپلائی پر مبنی نظام ہے، جس میں مرکزی حکومت پہلے سے مزدوری کا بجٹ اور فنڈ مختص کرے گی اور اسی حد تک روزگار فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے مزدوری کے لیے مرکزی حصہ 100 فیصد سے کم کرکے 60 فیصد کر دیا ہے، جبکہ باقی 40 فیصد ریاستوں کو ادا کرنا ہوگا۔ اگر مقررہ حد سے زیادہ روزگار فراہم کیا گیا تو اس کا پورا اضافی بوجھ بھی ریاستوں کو برداشت کرنا پڑے گا۔
Published: undefined
سپت گری اولاکا نے حکومت کے 125 دن روزگار فراہم کرنے کے دعوے پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے ہریانہ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں رجسٹرڈ مزدوروں کو اوسطاً صرف 13.78 فرد یومیہ روزگار ہی مل پاتا ہے۔ ان کے مطابق اگر 125 دن تک روزگار فراہم کرنا مقصود ہو تو ریاستی حکومت کو ہزاروں کروڑ روپے کا اضافی بوجھ اٹھانا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ نئی اسکیم میں فنڈ کی تقسیم کے لیے ایک نیا معیاری ماڈل اپنایا گیا ہے، جس میں آبادی، رقبہ، جنگلات، ماحولیات اور مجموعی گھریلو پیداوار میں حصہ جیسے پیمانوں کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس فارمولے سے ان ریاستوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی جہاں بے روزگاری زیادہ اور معاشی وسائل محدود ہیں۔
Published: undefined
کانگریس رکن پارلیمنٹ نے یہ بھی کہا کہ نئی اسکیم کے تحت زرعی موسم کے دوران دو ماہ تک کام بند رکھنے کی شرط روزگار کی ضمانت کے بنیادی مقصد کے خلاف ہے۔ ان کا الزام تھا کہ اس منصوبے میں گرام سبھا اور پنچایتوں کا کردار بھی کمزور کر دیا گیا ہے اور اب مقامی ضرورتوں کے بجائے فیصلے مرکز اور سرکاری افسران کریں گے۔
سپت گری اولاکا نے کہا کہ پارلیمانی قائمہ کمیٹی نے بھی سفارش کی تھی کہ موجودہ مزدوری کی شرح میں اضافہ کیا جائے، لیکن حکومت نے اس پر عمل نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس نے نئی اسکیم کے خلاف "منریگا بچاؤ سنگرام" مہم شروع کی ہے اور پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کا پیغام کارکنوں اور مزدوروں تک پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اس فیصلے کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined