قومی خبریں

آپریشن سندور کے دوران گجرات کے ساحل پر جاسوسی کر رہے تھے چینی سیٹلائٹ، مودی حکومت نے چین کو کلین چٹ دی: کانگریس

کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ آپریشن سندور کے دوران چین کے تین سیٹلائٹ گجرات کے فوجی اڈوں اور ساحلی علاقوں کی نگرانی کر رہے تھے۔ پارٹی نے مودی حکومت پر چین کو کلین چٹ دینے کا الزام لگایا ہے

کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش / آئی اے این ایس
کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش / آئی اے این ایس 

نئی دہلی: کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ آپریشن سندور کے دوران چین کے تین سیٹلائٹ گجرات کے ساحلی علاقوں اور اہم فوجی تنصیبات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھے۔ پارٹی نے اسے پہلگام دہشت گردانہ حملے سے لے کر آپریشن سندور تک پاکستان کی مدد کرنے میں چین کے کردار کا مزید ثبوت قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔

کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں انگریزی اخبار ’دی پرنٹ‘ کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن سندور کے دوران چین کے تین سیٹلائٹ گجرات کے ساحل کی نگرانی کر رہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق چین کے سیٹلائٹ ننگ شیا-14، گاؤ فین-11 اور یاوگان-30 نے 10 اور 11 مئی 2025 کو گجرات کے ساحلی علاقوں پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی تھی۔

کانگریس کے مطابق 7 مئی، یعنی آپریشن سندور کے پہلے دن، چین کے ایک سیٹلائٹ نے اپنے مدار میں تبدیلی کی اور ہندوستانی فوجی ٹھکانوں کے اوپر سے معمول کے مقابلے میں زیادہ دیر تک گزرا۔ یہ سیٹلائٹ خاص طور پر بھج، نلیا اور جام نگر کے علاقوں پر نظر رکھے ہوئے تھے، جہاں ہندوستانی فضائیہ اور بحریہ کے اہم اڈے موجود ہیں۔

پارٹی نے کہا کہ ان سیٹلائٹ کی صلاحیت صرف ہائی ریزولوشن تصاویر لینے تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ ریڈار اور الیکٹرانک سگنلز بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس طرح فوجی تنصیبات، بحری جہازوں اور دیگر اہم سرگرمیوں کی نگرانی ممکن ہے۔

کانگریس نے دعویٰ کیا کہ یہ تفصیلات واضح کرتی ہیں کہ چین پہلگام حملے سے لے کر آپریشن سندور تک پاکستان کی ہر ممکن مدد کر رہا تھا۔ پارٹی نے یہ بھی کہا کہ امریکہ کے ایک پینل کی رپورٹ میں چین کے اس کردار سے متعلق باتیں پہلے بھی سامنے آ چکی ہیں۔

کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چین ہر محاذ پر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوکر ہندوستان کے لیے مشکلات پیدا کر رہا ہے، لیکن وزیر اعظم اسے سخت پیغام دینے کے بجائے کلین چٹ دیتے پھر رہے ہیں۔ پارٹی نے اسے ملک کے ساتھ غداری قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام اس کے لیے مودی کو معاف نہیں کریں گے۔

کانگریس کے سینئر رہنما اور جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے بھی اس معاملے پر ایکس پر ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ آپریشن سندور کے دوران پاکستان کی جانب سے چین کے اہم کردار کا یہ مزید ثبوت ہے۔ ان کے مطابق مودی حکومت چین کے معاملے میں سوچ سمجھ کر اختیار کی گئی مفاہمت کی پالیسی کے باعث اب ان حقائق کو کم اہمیت دینے کی کوشش کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ دی پرنٹ کی رپورٹ بنگلورو کی خلائی نگرانی کرنے والی کمپنی دگنتارا کے تجزیے پر مبنی ہے۔ تاہم چین کی جانب سے سیٹلائٹ کے ذریعے حاصل کردہ معلومات پاکستان کو فراہم کیے جانے کی تصدیق رپورٹ میں نہیں کی گئی ہے۔ یہ الزام کانگریس نے عائد کیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔