گیانیش کمار / آئی اے این ایس
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور الیکشن کمیشن کے دیگر سینئر افسران کا 2 روزہ چھتیس گڑھ دورہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ یہ دورہ 7 اور 8 اکتوبر کو متوقع تھا، اور الیکشن کمیشن نے دورہ ملتوی کیے جانے کی وجہ ناگزیر حالات بتائی ہے۔ چھتیس گڑھ کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کی جانب سے جاری خط کے مطابق گیانیش کمار کو ان کے دورے کی مدت کے لیے ریاستی مہمان قرار دیا گیا تھا۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ملتوی کیا گیا ہے، جب الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار خود ایک بڑے انتظامی اور قانونی تنازعہ کا مرکز ہیں۔ انہیں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) کو لے کر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
چھتیس گڑھ کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر سے جاری خط میں کہا گیا ہے کہ یہ مطلع کیا جاتا ہے کہ کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور کمیشن کے دیگر سینئر افسران کے چھتیس گڑھ دورے کے پروگرام کو ناگزیر وجوہات کی بنا پر ملتوی کر دیا گیا ہے۔ دورے کی اگلی تاریخ کمیشن سے موصول ہونے کے بعد اعلان کی جائے گی۔ خط میں یہ بھی بتایا گیا کہ 7 اور 8 اکتوبر کو چھتیس گڑھ کے دورے کے دوران چیف الیکشن کمشنر کو ’اسٹیٹ گیسٹ‘ کا درجہ دیا گیا تھا اور ان کے لیے ضروری پروٹوکول کے انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔ سی ای سی کے پروگرام میں دنتے واڑہ میں دیوی دنتیشوری اور کبیر دھام میں بھورم دیو کے مشہور مندروں کے ساتھ ساتھ بستر ضلع میں چترکوٹ واٹر فال کا دورہ بھی شامل تھا۔ اس سے قبل ستمبر میں ان کا میرٹھ اور وارانسی کا دورہ بھی ملتوی کر دیا گیا تھا۔
دراصل سی ای سی گیانیش کمار اور الیکشن کمیشن کے کام کاج کے خلاف اپوزیشن کے ذریعہ مسلسل احتجاج جاری ہے۔ گزشتہ روز راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی سمیت انڈیا بلاک کے ارکان پارلیمنٹ نے زبردست احتجاج کیا۔ انہیں الیکشن کمیشن کے دفتر کی جانب مارچ کرنے کی اجازت نہیں ملی، جس کے بعد انہوں نے آکاشوانی بھون احاطے میں 8 گھنٹے سے زیادہ وقت تک دھرنا دیا۔ اپوزیشن لیڈر ’ووٹ چوری‘ کے الزامات کے حوالے سے احتجاج کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن کے اندر ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی اور دیگر معاملات پر اختلافات سے متعلق میڈیا رپورٹس کے بعد وہ سی ای سی کمار کے استعفے کا مطالبہ بھی کر رہے تھے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔