
لوک سبھا میں ہنگامہ / ویڈیو گریب
لوک سبھا میں این سی پی (ایس پی) کی رکن پارلیمنٹ سپریہ سسولے نے کہا کہ وہ سرمایہ داری کے خلاف نہیں ہیں لیکن مزدوروں کے مفادات کا تحفظ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مزدور ہندوستانی ہے اور ہر ہندوستانی کو حقوق حاصل ہیں۔ ان حقوق کے تحفظ کے لیے وہ ہمیشہ لڑیں گے۔
Published: 12 Feb 2026, 11:56 AM IST
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راجیو شکلا نے راجیہ سبھا میں مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیپ فیک ویڈیوز کا معاملہ اٹھاتے ہوئے اسے سماج کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔ شونیہ کال کے دوران انہوں نے کہا کہ آج کوئی بھی شخص محض ایک ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے کسی کی آواز اور چہرہ نقل کرتے ہوئے من گھڑت ویڈیو تیار کر سکتا ہے، جو تیزی سے وائرل ہو جاتی ہے۔
راجیو شکلا نے کہا کہ اس وقت ملک میں ایسا کوئی مؤثر نوڈل نظام موجود نہیں جو ڈیپ فیک ویڈیوز کی بروقت نشاندہی کرے اور ان کے خلاف کارروائی کر سکے۔ انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ حال ہی میں پاکستان کے کچھ چینلوں نے ورلڈ کپ سے متعلق باتوں کو جوڑ کر ان کا جعلی ویڈیو تیار کیا، جس پر انہیں وضاحت جاری کرنی پڑی۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران سیاست دانوں کے بیانات کے جعلی ویڈیوز بھی بڑے پیمانے پر گردش کرتے ہیں، جس سے عوام کا اصل ویڈیوز پر اعتماد کمزور ہو رہا ہے۔ راجیو شکلا کے مطابق ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تردید جاری کرنے سے پہلے ہی نقصان ہو چکا ہوتا ہے، اس لیے فوری کارروائی کے لیے ایک نوڈل ایجنسی قائم کی جانی چاہیے۔
Published: 12 Feb 2026, 11:56 AM IST
لوک سبھا کی کارروائی دوپہر 12 بجے دوبارہ شروع ہونے کے بعد ایوان میں فہرست شدہ امور لیے گئے اور مرکزی وزیر محنت منسکھ منڈاویا نے انڈسٹریل ریلیشن کوڈ ترمیمی بل ایوان میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک مختصر ترمیم لے کر آئی ہے اور ایوان سے گزارش کی کہ بل پر غور کر کے اسے منظور کیا جائے۔ اپوزیشن کی جانب سے کے سریش نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مزدوروں کے مفاد میں نہیں ہے۔
Published: 12 Feb 2026, 11:56 AM IST
راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اوڈیشہ کے ایک آنگن واڑی مرکز میں دلت خاتون ہیلپر کے ساتھ ذات پات کی بنیاد پر امتیاز کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے بتایا کہ اس خاتون کے ہاتھ سے تیار کیا گیا کھانا ایک مخصوص برادری کے افراد نے اپنے بچوں کو دینے سے انکار کر دیا، جس کے باعث گزشتہ 3 ماہ سے آنگن واڑی مرکز کا بائیکاٹ جاری ہے۔
کھڑگے نے کہا کہ یہ محض ایک مقامی تنازع نہیں بلکہ دلت برادری کے ساتھ امتیازی سلوک کی واضح مثال ہے، جس کا براہ راست اثر بچوں کی غذائیت اور ابتدائی تعلیم پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے اسے آئین کے آرٹیکل 21 اے اور آرٹیکل 47 کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست پر بچوں کی تعلیم اور صحت کی بہتری کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، لیکن ایسے واقعات ان آئینی ذمہ داریوں کو کمزور کرتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ذات پات کی بنیاد پر کسی بھی قسم کے امتیاز یا ظلم و ستم کے واقعات میں فوری اور سخت کارروائی کی جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق قدم اٹھائے جائیں۔ ان کے بیان کے بعد ایوان میں ہنگامہ اور نوک جھونک بھی دیکھنے کو ملی۔
Published: 12 Feb 2026, 11:56 AM IST
پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں جمعرات کو ایک بار پھر ہنگامہ آرائی دیکھنے کو ملی۔ لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن ارکان پلے کارڈز لے کر ایوان کے وسط میں پہنچ گئے اور نعرے بازی شروع کر دی۔ شور شرابے کے سبب ایوان کی کارروائی متاثر ہوئی اور اسے دوپہر 12 بجے تک کے لیے ملتوی کرنا پڑا۔ ایوان کی صدارت کرشنا پرساد تنیٹی کر رہے تھے، تاہم اپوزیشن کے احتجاج کے باعث کارروائی آگے نہیں بڑھ سکی۔
ادھر راجیہ سبھا کی کارروائی کا آغاز نسبتاً پُرسکون انداز میں ہوا، مگر وقفہ صفر کے دوران راجیہ میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے نے اوڈیشہ میں ایک دلت شخص کے ساتھ غیر انسانی سلوک کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے مدھیہ پردیش کے ایک پرانے واقعے کا بھی ذکر کیا، جس کے بعد ایوان میں ہنگامہ بڑھ گیا۔ حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان نوک جھونک دیکھنے کو ملی۔
Published: 12 Feb 2026, 11:56 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 12 Feb 2026, 11:56 AM IST