
آئی اے این ایس
لکھنؤ: اتر پردیش کے بلند شہر ضلع کی شکارپور اسمبلی سیٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اسمبلی اور ریاست کے سابق وزیر مملکت انل کمار شرما کا بدھ کو دہلی کے ایک اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ وہ طویل عرصے سے علیل تھے۔ ان کے اہل خانہ نے ان کے انتقال کی اطلاع دی۔
ایل شرما چار مرتبہ رکن اسمبلی رہے اور اپنے طویل سیاسی سفر کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ رہے۔ وہ بلند شہر ضلع کے شکارپور اسمبلی حلقے کے گاؤں سورجاولی کے رہنے والے تھے۔ انہوں نے کم عمری میں ہی اپنے عوامی اور سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا، جب انہیں گاؤں کا بلا مقابلہ پردھان منتخب کیا گیا۔
سال 2002 میں انل شرما نے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے ٹکٹ پر خورجہ اسمبلی سیٹ سے پہلی مرتبہ انتخاب لڑا اور کامیابی حاصل کر کے رکن اسمبلی بنے۔ اس کے بعد 2007 کے اسمبلی انتخابات میں بھی انہوں نے بی ایس پی کے ٹکٹ پر اسی سیٹ سے کامیابی حاصل کی اور مسلسل دوسری مرتبہ اسمبلی پہنچے۔
سال 2012 کے اسمبلی انتخابات میں انہوں نے شِکارپور سیٹ سے بی ایس پی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑا، تاہم انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی۔ سال 2017 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے انہیں شکارپور سے امیدوار بنایا، جہاں انہوں نے کامیابی حاصل کی۔
2017 میں یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں اتر پردیش میں بی جے پی حکومت قائم ہونے کے بعد انل شرما کو ریاستی کابینہ میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے جنگلات اور ماحولیات کے وزیر مملکت کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالی۔ سال 2022 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے ایک بار پھر انہیں شکارپور سے امیدوار بنایا اور انہوں نے کامیابی حاصل کر کے اسمبلی میں اپنی نشست برقرار رکھی۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بی جے پی رکن اسمبلی انل کمار شرما کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اتر پردیش حکومت کے سابق وزیر مملکت اور بلند شہر کے شکارپور اسمبلی حلقے کے رکن اسمبلی انل شرما کا انتقال انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بھگوان شری رام سے دعا کی کہ وہ مرحوم کی روح کو اپنے قدموں میں جگہ دیں اور سوگوار اہل خانہ کو یہ ناقابل تلافی صدمہ برداشت کرنے کی طاقت عطا کریں۔
ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے بھی انل کمار شرما کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر مملکت اور شکارپور اسمبلی حلقے کے رکن اسمبلی انل شرما کا انتقال انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔ وہ عوام میں مقبول، سادہ مزاج اور حساس رہنما تھے، جنہوں نے ہمیشہ عوامی مفادات اور اپنے علاقے کی ترقی کو ترجیح دی۔
موریہ نے کہا کہ انل شرما بہترین قیادت کی صلاحیت اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار تھے۔ اپنے سادہ رویے کے باعث وہ عام لوگوں میں خاصے مقبول تھے۔ ان کے انتقال سے بی جے پی نے ایک انتہائی مخلص، وفادار اور قابل اعتماد رکن اسمبلی کھو دیا ہے۔ ان کا انتقال تنظیم، عوامی زندگی اور علاقے کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔
بی جے پی کے ریاستی صدر پنکج چودھری نے بھی انل شرما کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انتقال بی جے پی خاندان کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے مرحوم کی روح کی تسکین اور سوگوار اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔
بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری تنظیم دھرم پال نے بھی انل شرما کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال کی خبر انتہائی دل دہلا دینے والی ہے۔ انہوں نے مرحوم کی روح کی تسکین اور اہل خانہ، حامیوں اور خیر خواہوں کو اس غم کی گھڑی میں صبر و حوصلہ عطا کرنے کی دعا کی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔