
کانگریس نے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں ’حد بندی بل‘ کی مخالفت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے جمعرات کے روز پریس کانفرنس کر کے اس فیصلے کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ ’’بی جے پی غلط طریقے سے دو تہائی اکثریت حاصل کر رہی ہے۔ انڈیا بلاک متحد ہوکر اس کی مخالفت کرے گا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’موجودہ تعداد میں ہی ایک تہائی خواتین کو ریزرویشن دے دیا جائے تو ہم اس کی حمایت کریں گے۔‘‘ کانگریس لیڈر نے بتایا کہ یہ فیصلہ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ میں لیا گیا ہے۔
کانگریس کا کہنا ہے کہ ہم سبھی اپوزیشن جماعتوں کے رابطے میں ہیں۔ بی جے پی چالاکی سے دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں لگی ہوئی ہے، مگر اسے لوک سبھا میں دو تہائی اکثریت نہیں مل سکتی۔ بی جے پی کی دو تہائی اکثریت داغدار اکثریت ہوگی۔ جے رام رمیش نے کہا کہ ’’لوک سبھا میں اس قدر توڑ پھوڑ کے بعد بھی ان کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے۔ چندہ چوری، پیپر لیک، ای20 ایتھنول گھپلے میں بی جے پی کے سینئر لیڈر اور ان کے بیٹے کا معاملہ، امریکہ کے ساتھ ڈیل، خارجہ پالیسی جیسے اہم مسائل ہم انڈیا بلاک کے ساتھ متحد ہو کر اٹھائیں گے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سپریا سولے نے کل شام کو ہی گشت کر رہی کچھ غلط خبروں کی تردید کر دی۔ دراصل سپریا سولے نے بدھ کے روز کہا تھا کہ اگر 50 فیصد سیٹیں بڑھانے کی شرط نافذ کی جاتی ہے تو ہی ان کی پارٹی بل کی حمایت کرنے پر غور کرے گی۔
کانگریس لیڈر نے میڈیا اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو تہائی اکثریت کو لے کر میڈیا میں غلط خبروں کی کھیتی کی جا رہی ہے۔ ہم اس نوعیت کی تمام خبروں کی تردید کرتے ہیں۔ دو تہائی اکثریت کے مسئلے پر ہم ڈی ایم کے اور عام آدمی پارٹی کے رابطے میں بھی ہیں۔ ہم ان سبھی کے رابطے میں ہیں جو 17 اپریل کو ہمارے ساتھ تھے۔ جے رام رمیش نے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ ’’آج میں یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ حکومت دو تہائی اکثریت سے دور ہے۔ ڈی ایم کے اس معاملے پر بی جے پی کا ساتھ نہیں دے گی۔‘‘ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’ون نیشن ون الیکشن‘ پر جے پی سی کی رپورٹ 10 اگست تک آنی ہے، لیکن یہ آئین کے خلاف ہے۔ رپورٹ جو بھی ہو، ہم اصولی طور پر اس کی مخالفت کریں گے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔