
بہار: والمیکی نگر بیراج، تصویر/آئی اے این ایس
بہار میں گنڈک ندی کی آبی سطح سے متعلق محکمۂ آبی وسائل نے اتوار کے روز تازہ اپڈیٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق والمیکی نگر بیراج پر اتوار کی صبح 10 بجے گنڈک ندی میں 4.16 لاکھ کیوسک پانی کا بہاؤ درج کیا گیا۔ پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔ نیپال کے گنڈک آبی حصولی علاقے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران معمول سے زیادہ بارش ہونے کی وجہ سے ندی میں پانی بڑھا ہے۔
محکمۂ آبی وسائل کے مطابق نیپال کے دیوگھاٹ میں درج کی گئی بلند ترین آبی سطح کے اثر سے والمیکی نگر بیراج پر اتوار کی شام تک تقریباً 5 لاکھ کیوسک پانی کا بہاؤ پہنچنے کا امکان ہے۔ محکمہ نے اس صورتحال کے پیش نظر متعلقہ علاقوں میں چوکس رہنے اور مسلسل نگرانی کرنے کی بات کہی ہے۔ محکمہ نے حالانکہ یہ بھی واضح کیا ہے کہ فی الحال صورتحال قابو میں ہے اور گنڈک کے بڑھتے ہوئے پانی کے بہاؤ سے بڑے پیمانے پر پانی جمع ہونے یا سیلاب کا امکان کم ہے۔
اس کی اہم وجہ گنگا ندی آبی سطح میں کمی کو بتایا گیا ہے۔ گنگا کے پانی کی سطح کم رہنے کی وجہ سے گنڈک ندی کے پانی کی نکاسی گنگا میں آسانی سے ہو رہی ہے۔ محکمے کے مطابق گنڈک ندی پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باوجود پانی کی نکاسی کی صورتحال سازگار ہے۔ ایسے میں ندی کے آس پاس کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر پانی جمع ہونے کا خدشہ فی الحال کم ہے۔ محکمۂ آبی وسائل نے کہا کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ افسران اور متعلقہ نظام کو ضروری احتیاط برتنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
نیپال کے آبی حصولی علاقے میں بارش اور وہاں درج آبی سطح کی بنیاد پر والمیکی نگر بیراج پر آنے والے پانی کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ محکمہ نے لوگوں سے صورتحال کو لے کر غیر ضروری طور پر تشویش میں مبتلا نہ ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور محکمہ کی سطح پر مسلسل نگرانی جاری ہے۔ پانی کے بہاؤ میں ہونے والی تبدیلی کی بنیاد پر آگے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ کئی علاقوں میں لوگوں کو چوکس رکھا گیا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔