
نتیش کمار (فائل)، تصویر یو این آئی
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار آج (منگل) اپنے عہدے سے مستعفی ہونے والے ہیں۔ کل (بدھ) یعنی 15 اپریل کو بہار میں نئی حکومت کی تشکیل ہو جائے گی۔ حکومت این ڈی اے ہی کی رہے گی، تاہم وزیر اعلیٰ نیا ہوگا۔ البتہ یہ اب تک واضح نہیں ہو سکا ہے کہ نیا وزیر اعلیٰ کون ہوگا۔ اپوزیشن جماعتیں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر تنقید کر رہی ہیں۔ اس دوران کانگریس نے بڑا بیان دیا ہے۔ کانگریس نے اس معاملے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ بہار میں جمہوری عمل کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
Published: undefined
بہار کانگریس کے رہنما اور شعبہ مواصلات کے چیئرمین راجیش راٹھوڑ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی جینتی کے موقع پر آئین کی روح کو مجروح کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ایک ایسے وزیر اعلیٰ کو ہٹایا جا رہا ہے جو جمہوری طریقے سے منتخب ہوا تھا، اور اس کی جگہ ایک نیا چہرہ لایا جا رہا ہے جس کا فیصلہ عوام نے نہیں بلکہ مرکز نے کیا ہے۔
Published: undefined
راجیش راٹھوڑ نے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بہار کو آج ایک ’مسلط کردہ وزیر اعلیٰ‘ ملے گا، جس کا نام ابھی تک سامنے نہیں آیا ہے لیکن امکان ہے کہ شام تک اس کا اعلان ہو جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ اس سیاسی اقدام کے لیے بابا صاحب امبیڈکر کی جینتی کا دن کیوں منتخب کیا گیا، اور الزام لگایا کہ اس کے ذریعے یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ موجودہ قیادت خود کو آئین سے بالا تر سمجھتی ہے۔
Published: undefined
دوسری جانب حکمراں اتحاد کے اندر سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر اہم لیڈروں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق سنجے جھا، للن سنگھ اور وجے کمار چودھری جیسے سینئر رہنما مسلسل ملاقاتیں کر رہے ہیں اور آئندہ حکومت کی تشکیل پر غور و خوض جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق نتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار کو بھی کابینہ میں شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم انہوں نے فی الحال حکومت میں شامل ہونے سے انکار کیا ہے۔
Published: undefined
سیاسی مبصرین کے مطابق بہار میں یہ تبدیلی نہ صرف ریاستی سیاست بلکہ قومی سیاست پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے، کیونکہ اس کے ذریعے اتحادی سیاست کے نئے اشارے مل رہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں یہ واضح ہوگا کہ نیا وزیر اعلیٰ کون بنتا ہے اور یہ تبدیلی عوامی سطح پر کس طرح قبول کی جاتی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined