
سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر رہنما اعظم خان کو الٰہ آباد ہائی کورٹ نے عبوری ضمانت دے دی ہے۔ ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ نے ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) کے منی لانڈرنگ معاملے میں یہ راحت دی ہے۔ عدالت نے مانا کہ پہلی نظر میں اعظم خان کی گرفتاری کے دوران آئین کی دفعہ 22(1) اور منی لانڈرنگ روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) کی دفعہ 19 کے لازمی التزامات پر سختی سے عمل نہیں کیا گیا۔ عدالت نے اعظم خان کو ذاتی مچلکے اور مساوی رقم کے 2 ضامنوں کی بنیاد پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہیں غازی آباد کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (سی جے ایم) کی تسلی کے مطابق ضمانتی بانڈ جمع کرانا ہوگا۔
واضح رہے کہ اس پورے معاملے کی آئندہ سماعت 10 دسمبر کو ہوگی۔ اعظم خان کی جانب سے الٰہ آباد ہائی کورٹ کے سینئر وکیل کپل سبل اور عمران اللہ نے عدالت میں ان کا موقف پیش کیا۔ جسٹس راجیو گپتا اور جسٹس دیویندر سنگھ-اوّل پر مشتمل ڈویژن بنچ نے یہ فیصلہ سنایا۔ ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ جس طرح انہیں جیل کے دروازے پر ہی ای ڈی نے حراست میں لیا وہ ’’موجودہ کارروائی کے بدنیتی پر مبنی اور غلط ارادے کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ اعظم خان نے جوہر یونیورسٹی سے متعلق تقریباً 426 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ معاملے میں ای ڈی کی کارروائی کو چیلنج کیا تھا۔ انہیں 31 اکتوبر کو رامپور جیل سے رہائی کے فوراً بعد ای ڈی نے گرفتار کر لیا تھا۔ گرفتاری کے بعد وہ ای ڈی کی کسٹڈی میں رہے تھے۔ سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد اعظم خان کی عرضی الٰہ آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے آئی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے سپریم کورٹ سے راحت طلب کی تھی۔ سپریم کورٹ نے انہیں ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ان کی عرضی الٰہ آباد ہائی کورٹ بھیج دی تھی۔ اس کے بعد معاملہ ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے درج کیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کو معاملے کی سماعت کے بعد عبوری حکم جاری کرنے کی ہدایت بھی دی تھی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔