قومی خبریں

اِلیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ، یوگی اور مایاوتی کے اِنتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی

کمیشن نے ان دونوں لیڈروں کو 16 اپریل کی صبح چھ بجے سے انہیں انتخابی مہم میں حصہ لینے‘ جلسہ عام کرنے ‘ روڈ شو منعقد کرنے ‘ میڈیا کے سامنے بیان دینے اور انٹرویو دینے وغیرہ پر پابندی لگائی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے متنازعہ تقریروں کے ذریعہ مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملات میں اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی ادتیہ ناتھ اور سابق وزیر اعلی اور بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی پر بالترتیب 72 اور 48گھنٹے کے لئے انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی ہے۔ کمیشن نے ان دونوں لیڈروں کو 16 اپریل کی صبح چھ بجے سے انہیں انتخابی مہم میں حصہ لینے‘ جلسہ عام کرنے ‘ روڈ شو منعقد کرنے ‘ میڈیا کے سامنے بیان دینے اور انٹرویو دینے وغیرہ پر پابندی لگائی ہے۔

کمیشن نے یوگی ادتیہ ناتھ کو نو اپریل کو میرٹھ میں قابل اعتراض اور متنازعہ تقریر کرنے کے معاملے میں نوٹس جاری کیا تھا جب کہ مایاوتی کو دیوبند میں سات اپریل کو اشتعال انگیز تقریر کے معاملے میں نوٹس جاری کیا تھا۔

کمیشن نے ان دونوں لیڈروں کی تقریر وں کی ویڈیو ریکارڈنگ دیکھنے اور اس کا جائزہ لینے کے بعد ہی یہ قدم اٹھایا ہے۔ خیال رہے کہ یوگی نے اپنی تقریر میں ’ہرا وائرس‘ اور بجرنگ بلی اور علی کا ذکر کیا تھا۔

Published: 15 Apr 2019, 4:41 PM IST

کمیشن نے آج اپنے فیصلے میں کہاکہ یوگی کا ویڈیو دیکھنے کے بعد کمیشن اس بات سے متفق ہے کہ انہوں نے اپنی تقریر سے فرقہ وارانہ خیرسگالی کو نقصان پہنچانے اور مختلف فرقوں کے درمیان نفرت پھیلانے اور ان کے درمیان اختلافات کو فروغ دینے کا کام کیا ہے جو کہ مثالی ضابطہ اخلاق کی یکسر خلاف ورزی ہے۔ کمیشن نے پانچ اپریل کو بھی یوگی ادتیہ ناتھ کو ایک دیگر معاملے میں ہدایت دی تھی کہ وہ اپنے عوامی تقریروں میں انتخابی صف بندی کی کوشش نہ کریں۔ کمیشن نے اتوار کو بھی الیکشن کے دوران لیڈروں کی تقریروں پر سخت تشویش کا اظہار کیا تھا۔

کمیشن نے مایاوتی کے معاملے میں ان کے ویڈیو کا جائزہ لینے کے بعد پایا کہ مایاوتی نے اپنی تقریر میں فرقہ وارانہ خیر سگالی کو تباہ کرنے اور باہمی منافرت پھیلانے کا کام کیا ہے جو کہ مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے ۔انہیں 16اپریل کی صبح چھ بجے سے 48گھنٹے کے لئے اپنی انتخابی مہم میں حصہ لینے ‘ عوامی جلسے کرنے ‘ روڈ شو منعقد کرنے ‘ میڈیا کے سامنے بیان دینے اور انٹرویو دینے پر روک لگائی ہے۔

Published: 15 Apr 2019, 4:41 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 15 Apr 2019, 4:41 PM IST