
کسانوں کے بھارت بند کے پیش نظر دہلی میٹرو کے کئی اسٹیشنوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ ٹیکری بارڈر، پنڈت شری رام شرما، بہادر گڑھ سٹی اور بریگیڈیر ہوشیار سنگھ میٹرو اسٹیشن احتیاطاً بند کئے گئے ہیں۔
زرعی قوانین کے خلاف کسان تنظیموں کے بلائے گئے بھارت بند کا اثر ہریانہ اور پنجاب میں صبح سے ہی نظر آ رہا ہے۔ ہریانہ کی تمام اہم شاہراہوں کو کسانوں نے صبح سے ہی اپنے ٹریکٹر کھڑے کر کے مسدود کر دیا، وہیں پنجاب میں بھی دن نکلتے ہی کسانوں نے تمام راستوں اور شاہراہوں کو مسدود کر دیا ہے۔
کسان تحریک کے حق میں آج ملک بھر میں کئے جا رہے بھارت بند کو لیف پارٹاں حمایت کر رہی ہیں۔ آندھرا پردیش لیف پارٹیوں کے سینکڑوں کارکنان نے آج مدیلاپالم جنکشن پر مرکزی حکومت کے زرعی قوانین اور وزاگ اسٹیل پلانٹ کی نجکاری کے خلاف احتجاج کیا۔
دہلی کے سنگھو بارڈر پر کسان 12 گھنٹے کے بھارت بند کے تحت سڑک پر بیٹھ کر احتجاج کر رہے ہیں۔
پنجاب میں سنیوکت کسان مورچہ کی جانب سے طلب کئے گئے بھارت بند کا بڑے پیمانے پر اثر نظر آ رہا ہے۔ امبالہ میں شاہ پور کے نزدیک مظاہرین نے جی ٹی روڈ اور ریلوے ٹریک کو مسدود کر دیا۔ پنجاب کے امرتسر میں بھی کسانوں نے ریلوے ٹریک کو مسدود کر دیا۔
دہلی کے غازی پور بارڈر پر کسان بند کے تحت مظاہرہ کر رہے ہیں۔ یہاں زرعی قوانین کے خلاف نعرے بازی کے ساتھ کسان ڈفلی بجاتے ہوئے اور دائرے میں رقص کرتے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 26 Mar 2021, 9:46 AM IST