قومی خبریں

بانکی پور ضمنی انتخاب: ووٹ مانگنے آئے ایک لیڈر کو نوجوان نے پرانا وعدہ یاد دلایا، ہاتھا پائی سے ماحول ہوا گرم

نوجوان نے لیڈر سے کہا کہ ’’کام کیجئے تو ووٹ ملے گا، نہیں تو نہیں ملے گا۔ 2019 سے گلی تعمیر نہیں ہوئی ہے، چہرہ چمکانے کے لیے سب کھڑے ہو جاتے ہیں۔‘‘

ووٹ، تصویر آئی اے این ایس
ووٹ، تصویر آئی اے این ایس 

بہار کے بانکی پور اسمبلی حلقہ میں ضمنی انتخاب ہونے جا رہا ہے۔ اس انتخاب کے مدنظر ’این ڈی اے‘ نے اپنے سینئر لیڈران کو میدان میں اتار دیا ہے، اور انتخابی مہم بھی زوروں پر جاری ہے۔ انتخابی مہم کے دوران اس وقت ماحول گرما گیا جب ووٹ مانگنے آئے ایک لیڈر کے سامنے ایک نوجوان نے نہ صرف اپنا احتجاج درج کرایا، بلکہ انہیں پرانا وعدہ بھی یاد دلایا۔ نوجوان نے لیڈر سے کہا کہ ’’کام کیجئے تو ووٹ ملے گا، نہیں تو نہیں ملے گا۔ 2019 سے اب تک گلی تعمیر نہیں ہوئی ہے، چہرہ چمکانے کے لیے سب کھڑے ہو جاتے ہیں۔‘‘ نوجوان کی یہ باتیں سن کر بی جے پی لیڈر چراغ پا ہو گئے۔ اس کے بعد نوجوان کے ساتھ لیڈر کی خوب بحث ہوئی، اور غصے سے لیڈر نے نوجوان کو دھکا دے دیا۔ اس پورے واقعے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔

دوسری جانب آر جے ڈی لیڈر اور بہار اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو نے اس ویڈیو کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ ’’عوام نے بی جے پی کے وزراء کو کھدیڑنا شروع کر دیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی کے قومی صدر کے اسمبلی حلقہ بانکی پور میں انتخابی مہم کے دوران جب ووٹروں نے ایک گلی تعمیر کرانے کے وعدے یاد دلائے تو بی جے پی لیڈران اور وزراء نے انہیں گالیاں دیں۔ 35 برسوں سے یہاں بی جے پی کے اراکین اسمبلی، اراکین پارلیمنٹ اور وزیر رہے ہیں۔ پھر بھی یہاں گلی اور نالی جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔‘‘

بانکی پور ضمنی انتخاب کی بات کریں تو این ڈی اے کے سبھی بڑے لیڈر انتخابی مہم میں شامل ہیں۔ وزیر اعلی سمراٹ چودھری بھی انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ یہ سیٹ طویل عرصے سے بی جے پی کا قلعہ مانی جاتی ہے۔ بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین مسلسل یہاں سے رکن اسمبلی منتخب ہوتے رہے ہیں۔ ان کے بی جے پی کا قومی صدر منتخب ہونے اور راجیہ سبھا جانے کے بعد یہ سیٹ خالی ہوئی ہے۔ ایسے میں بی جے پی کے لیے یہ ضمنی انتخاب صرف الیکشن نہیں بلکہ پارٹی کے وقار کا سوال بھی ہے۔ بی جے پی نے یہاں نیرج سنہا کو امیدوار بنایا ہے۔ دوسری طرف جن سوراج کے بانی پرشانت کشور خود اس ضمنی انتخاب میں قسمت آزمائی کے لیے میدان میں اترے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بانکی پور ضمنی انتخاب کافی دلچسپت ہو گیا ہے اور پورے بہار کی نظر اس ضمنی انتخاب پر مرکوز ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔