
مغربی بنگال میں حق رائے دہی کے لیے قطار بند ووٹرس، تصویر ’ایکس‘ @ECISVEEP
مغربی بنگال اور تمل ناڈو میں زبردست ووٹنگ دیکھنے کو ملی۔ مغربی بنگال میں شام ساڑھے پانچ بجے تک 89.93 فیصد ووٹنگ درج کی گئی، جبکہ تمل ناڈو میں شام 5 بجے تک 82.24 فیصد ووٹنگ ہوئی۔
Published: 23 Apr 2026, 8:32 AM IST
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے الزام عائد کیا ہے کہ امت شاہ ووٹنگ کے دن کولکاتا میں بیٹھ کر افسران کو ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایجنسیوں کا استعمال کیا جا رہا ہے اور سب کچھ انتخاب کو متاثر کرنے کے لیے ہو رہا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ آج جو بڑی تعداد میں لوگ ووٹ ڈالنے نکلے ہیں، وہ لوگوں کی مخالفت اور غصے کا غماز ہے۔
Published: 23 Apr 2026, 8:32 AM IST
مغربی بنگال اور تمل ناڈو میں لوگ بڑھ چڑھ کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔ شدید گرمی کے باوجود خاص طور سے مغربی بنگال میں ووٹرس پُرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ذریعہ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بنگال میں 3 بجے تک 78.77 فیصد ووٹنگ ہو چکی ہے۔ تمل ناڈو میں بھی 3 بجے تک تقریباً 70 فیصد ووٹنگ کی اطلاع دی گئی ہے۔
Published: 23 Apr 2026, 8:32 AM IST
مغربی بنگال اور تمل ناڈو میں ووٹرس کی بڑی تعداد حق رائے دہی کا استعمال کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ دوپہر ایک بجے تک جو اعداد و شمار سامنے آئے ہیں، اس کے مطابق مغربی بنگال میں 62.18 فیصد ووٹ پڑ چکے ہیں، جبکہ تمل ناڈو میں یہ نمبر 56.81 فیصد ہے۔ مغربی بنگال میں کچھ پولنگ بوتھ پر تشدد کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں، لیکن سخت سیکورٹی کے درمیان پولنگ جاری ہے۔
Published: 23 Apr 2026, 8:32 AM IST
مغربی بنگال کے کیش پور میں ووٹ ڈالنے کے بعد بوتھ کے سامنے ہی ایک خاتون کی جان چلی گئی۔ خاتون کا نام عشرتن بی بی (55 سال) ہے۔ وہ مغربی میدنی پور کے کیش پور اسمبلی حلقہ واقع دیگھا علاقہ میں رہتی تھیں۔ عشرتن بی بی کے شوہر نواب جان علی نے بتایا کہ ’’فیملی کے 4 اراکین کے نام ووٹر لسٹ میں نہیں ہیں۔ میرا نام بھی اس میں نہیں ہے۔ صرف میری بیوی کا ہی ووٹ تھا۔ میں انھیں ووٹ ڈلوانے لے گیا تھا۔ میرے پاس ووٹ نہیں تھا اس لیے میں بوتھ سے باہر نکل کر کھڑا ہو گیا۔ ووٹ ڈالنے کے بعد باہر آ کر جب میری بیوی ایک ای-رکشہ میں بیٹھی تو اچانک ان کی موت ہو گئی۔‘‘
Published: 23 Apr 2026, 8:32 AM IST
مغربی بنگال اور تمل ناڈو اسمبلی کے لیے ہو رہے انتخابات میں لوگ پورے جوش کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ذریعہ جاری صبح 11 بجے تک کے اعداد و شمار کے مطابق مغربی بنگال میں 41.11 فیصد اور تمل ناڈو میں 37.56 فیصد پولنگ درج کی گئی ہے۔ صبح کے ابتدائی گھنٹوں کے بعد ووٹنگ کی رفتار بڑھ گئی ہے، جو دونوں ریاستوں کے ووٹرس کے زبردست جوش اور جمہوری شراکت داری کو ظاہر کرتا ہے۔ مغربی میدنی پور میں صبح 11 بجے تک سب سے زیادہ 44.69 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔
Published: 23 Apr 2026, 8:32 AM IST
سوری سے کانگریس امیدوار سنجے ادھیکاری نے الزام عائد کیا ہے کہ ای وی ایم میں خرابی کے سبب صبح 7 بجے پولنگ مرکز پہنچنے کے باوجود وہ اپنا ووٹ نہیں ڈال پائے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے ضلع مجسٹریٹ اور مقامی پولنگ افسر سے شکایت درج کرا دی ہے، لیکن مشین کی مرمت ابھی تک نہیں ہوئی ہے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’سینکڑوں ووٹرس بوتھ کے سامنے قطار میں کھڑے ہیں اور یہاں کوئی الیکشن کمیشن کا نمائندہ نہیں ہے جو ہمیں بتا سکے کہ پولنگ کب دوبارہ شروع ہوگی۔‘‘
Published: 23 Apr 2026, 8:32 AM IST
کوچ بہار شمال اسمبلی حلقہ کے 6 پولنگ مراکز پر ووٹنگ عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔ کچھ مقامات پر ووٹنگ مشینوں کی کنٹرول یونٹ خراب ہو گئی ہے، جبکہ کچھ مقامات پر وی وی پیٹ لاک ہو گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی تیاریوں میں کمی واضح طور پر دکھائی دے رہی ہے۔ ایسا ہی ایک معاملہ انگارکاٹا پرائمری اسکول واقع پولنگ مرکز (بوتھ نمبر 3/154) کا ہے۔ اس مرکز پر وی وی پیٹ لاک کیا گیا ہے۔
Published: 23 Apr 2026, 8:32 AM IST
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے تمل ناڈو کے ووٹرس سے اسمبلی انتخاب میں فعال طریقے سے حصہ لینے کی اپیل کی۔ انھوں نے اس انتخاب کو اہم جمہوری اصولوں کی حفاظت کی جنگ قرار دیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر انھوں نے لکھا ہے کہ ’’آج کی جنگ آپ کے حقوق کی حفاظت کے لیے ہے۔ یہ جنگ وفاقیت، مساوات، انصاف اور آزادی کی حفاظت کے لیے ہے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’یہ مجموعی فلاح یقینی بنانے اور آپ کے اصولی سماجی انصاف کی قدروں کو بنائے رکھنے کے لیے بھی ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ آپ اپنے جمہوری حقوق کا استعمال کریں اور ان لوگوں کے خلاف کھڑے ہوں جو آپ کے وفاقی حقوق کو چھیننا چاہتے ہیں۔‘‘
Published: 23 Apr 2026, 8:32 AM IST
مغربی بنگال اور تمل ناڈو میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے، لیکن بنگال میں کچھ مقامات پر تشدد کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ حالانکہ بنگال کے چیف الیکٹورل افسر منوج کمار اگروال کا کہنا ہے کہ حق رائے دہی کا عمل پُرامن طریقے سے جاری ہے۔ ناؤدا میں بم دھماکہ کی خبر سامنے آئی ہے، جس پر الیکشن کمیشن نے رپورٹ طلب کی ہے۔ مرشد آباد میں بھی ہنگامہ برپا ہوا ہے، اور اس کی رپورٹ بھی مانگی گئی ہے۔ اس درمیان مالدہ میں ترنمول کانگریس پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ اس نے سی پی ایم حامیوں کو یرغمال بنایا ہے۔
Published: 23 Apr 2026, 8:32 AM IST
مغربی بنگال میں مالدہ واقع موتھاباڑی اسمبلی کے بوتھ نمبر 55 پر کافی دیر تک ووٹنگ شروع نہیں ہونے کے بعد ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بوتھ پر ترنمول کانگریس اور بی جے پی کارکنان میں تصادم ہو گیا ہے، جس سے بوتھ پر حالات کشیدہ ہو چکے ہیں۔
Published: 23 Apr 2026, 8:32 AM IST
ایک طرف مغربی بنگال اور تمل ناڈو میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر ووٹرس اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں، اور دوسری طرف گجرات و مہاراشٹر کی 3 اسمبلی سیٹوں پر بھی ضمنی انتخاب کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔ مہاراشٹر کے بارامتی اور راہوری اسمبلی سیٹ پر ووٹرس اپنا نمائندہ منتخب کرنے کے لیے ووٹ ڈال رہے ہیں، جبکہ گجرات کی امریٹھ اسمبلی سیٹ پر ووٹنگ کے لیے لوگوں کی طویل قطار دیکھنے کو مل رہی ہے۔
Published: 23 Apr 2026, 8:32 AM IST
مغربی بنگال اور تمل ناڈو میں آج اسمبلی انتخابات کے تحت ووٹنگ کا عمل شروع ہو گیا۔ دونوں ریاستوں میں صبح 7 بجے سے ووٹنگ چل رہی ہے اور لوگوں میں زبردست جوش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ مغربی بنگال میں 16 اضلاع کی 152 سیٹوں پر ووٹنگ ہونی ہے، جبکہ تمل ناڈو میں سبھی 234 اسمبلی سیٹوں پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ دونوں ریاستوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
موصولہ اطلاع کے مطابق مغربی بنگال اور تمل ناڈو، دونوں ہی ریاستوں میں پرامن انداز میں ووٹنگ چل رہی ہے۔ فی الحال کسی بھی جگہ سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ ایک میڈیا رپورٹ میں مغربی بنگال کے مرشد آباد میں ای وی ایم خراب ہونے کی خبر نشر کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ پولنگ بوتھ نمبر 156 پر فی الحال ووٹنگ رکی ہوئی ہے۔
Published: 23 Apr 2026, 8:32 AM IST
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 23 Apr 2026, 8:32 AM IST