قومی خبریں

نیٹ-یو جی 2026 پیپر لیک کے پیچھے سیاسی تحفظ، اروند کیجریوال کا مرکز پر شدید حملہ

اروند کیجریوال نے نیٹ-یو جی 2026 پیپر لیک معاملے پر مرکز کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امتحانی مافیا کو سیاسی تحفظ حاصل ہے۔ انہوں نے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا

<div class="paragraphs"><p>پریس کانفرنس کے دوران اروند کیجریوال (ویڈیو گریب)</p></div>

پریس کانفرنس کے دوران اروند کیجریوال (ویڈیو گریب)

 

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے منگل کو نیٹ-یو جی 2026 پیپر لیک معاملے پر مرکزی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ امتحانی مافیا کو سیاسی تحفظ حاصل ہے، اسی وجہ سے بار بار اہم امتحانات کے پرچے لیک ہو رہے ہیں اور لاکھوں طلبہ کا مستقبل خطرے میں پڑ رہا ہے۔

اروند کیجریوال نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ نیٹ امتحان کا پرچہ لیک ہونا صرف ایک انتظامی ناکامی نہیں بلکہ اس کے پیچھے اوپری سطح پر ملی بھگت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے جرائم میں ملوث افراد کو سیاسی سرپرستی حاصل ہونے کی وجہ سے ہی پیپر لیک جیسے واقعات رک نہیں پا رہے ہیں۔

Published: undefined

انہوں نے مرکزی حکومت کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ لاکھوں طلبہ سال بھر سخت محنت کرتے ہیں، ان کے والدین بے شمار قربانیاں دیتے ہیں، لیکن جب امتحان کا پرچہ لیک ہوتا ہے تو پورے خاندان کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو یہ سمجھنا چاہئے کہ ایسے واقعات نوجوانوں کے اعتماد کو کس حد تک متاثر کرتے ہیں۔

قومی جانچ ایجنسی نے منگل کو 3 مئی کو منعقد ہونے والا نیٹ-یو جی 2026 امتحان منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ یہ فیصلہ امتحانی عمل میں بے ضابطگیوں سے متعلق مرکزی ایجنسیوں کو ملی اطلاعات کے بعد لیا گیا۔

Published: undefined

اروند کیجریوال نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب نیٹ امتحان کا پرچہ لیک ہوا ہو۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2017، 2021، 2024 اور اب 2026 میں بھی اسی طرح کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ گزشتہ پیپر لیک معاملات میں ملوث افراد کے خلاف کیا کارروائی کی گئی اور اصل ذمہ دار کون تھے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت بغیر پیپر لیک کے ایک امتحان بھی شفاف انداز میں منعقد نہیں کرا سکتی تو پھر بہتر طرز حکمرانی کی امید کیسے کی جا سکتی ہے۔ دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ نے امتحانی نظام کی نگرانی کرنے والے اعلیٰ افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ منصفانہ امتحان کرانے میں ناکام رہے ہیں، انہیں جوابدہ بنایا جانا چاہئے۔

Published: undefined

انہوں نے مزید کہا کہ لاکھوں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے، اس لیے ذمہ دار افراد کو سزا ملنی ضروری ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔ اپنے طالب علمی کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے اروند کیجریوال نے کہا کہ آئی آئی ٹی اور آئی اے ایس جیسی مسابقتی امتحانات کی تیاری کے دوران طلبہ اور ان کے والدین شدید دباؤ سے گزرتے ہیں، اس لیے امتحانی نظام میں شفافیت برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے متاثرہ طلبہ سے اپیل کی کہ وہ پیپر لیک مافیا کے خلاف متحد ہو کر آواز اٹھائیں۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ اگر طلبہ اپنے غصے اور ناراضگی کے اظہار کے لیے سڑکوں پر آنا چاہتے ہیں تو وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Published: undefined

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined