
کانگریس کا وفد دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کو میمورنڈم پیش کرتے ہوئے
تصویر: پریس ریلیز
نئی دہلی: دہلی کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو کی قیادت میں کانگریس کے خزانچی و رکن پارلیمنٹ اجئے ماکن، سابق دہلی کانگریس صدر چودھری انل کمار، سابق سی ایل پی لیڈر ہارون یوسف، دہلی حکومت کے سابق وزیر منگت رام سنگھل، ڈاکٹر نریندر ناتھ سمیت سابق اراکین اسمبلی اور کمیونیکیشن شعبہ کے چیئرمین انل بھاردواج وغیرہ پر مشتمل سینئر رہنماؤں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے آج دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ سے ملاقات کی۔ اس وفد نے ’بھارت منڈپم‘ میں اے آئی کانفرنس کے خلاف احتجاج کرنے پر دہلی پولیس کی جانب سے یوتھ کانگریس کارکنان کی غیر آئینی گرفتاری اور ان کے خلاف سنگین فوجداری دفعات عائد کیے جانے کے معاملے میں لیفٹیننٹ گورنر سے ’لوک نواس‘ میں ملاقات کی۔ وفد نے انہیں ایک میمورنڈم پیش کر حراست میں لیے گئے نوجوانوں کے ساتھ قانون کے دائرے میں ضبط اور مساوات برتنے کا مطالبہ کیا۔
Published: undefined
کانگریس وفد نے پولیس کی جانب سے گرفتاری اور شروع کی گئی فوجداری کارروائی پر ’سنگین تشویش‘ ظاہر کی۔ وفد نے کہا کہ یوتھ کانگریس کارکنان کا یہ ایک علامتی سیاسی احتجاج تھا۔ گرفتار نوجوانوں پر کسی عوامی تشدد، املاک کو نقصان پہنچانے یا عوامی سلامتی کو خطرہ پہنچانے کا کوئی الزام ثابت نہیں کیا گیا ہے۔
Published: undefined
رکن پارلیمنٹ اجئے ماکن نے کہا کہ بی جے پی جمہوریت میں اظہار رائے کی آزادی کو ختم کرنا چاہتی ہے، جبکہ جمہوریت میں اپوزیشن کو اپنی بات رکھنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ بی جے پی حکومت کی جانب سے یوتھ کانگریس کارکنان کی گرفتاری سراسر غیر آئینی ہے اور یہ جمہوریت کا قتل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک مخالف فیصلوں کے خلاف اپوزیشن کو آواز اٹھانے کا پورا حق ہے اور بین الاقوامی امور پر بھی حکومت کے خلاف اپوزیشن کو پُرامن طریقے سے اپنی بات رکھنے کا حق حاصل ہے۔
Published: undefined
دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے میڈیا کو جانکاری دی کہ معزز لیفٹیننٹ گورنر نے کانگریس کے اعلیٰ سطحی وفد کو صبر کے ساتھ سنا اور معاملے کو مساوی بنیاد پر دیکھتے ہوئے غیر جانبدارانہ جانچ یقینی بنانے کا وعدہ کیا، کیونکہ یوتھ کانگریس کا احتجاج ’علامتی اور سیاسی‘ نوعیت کا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یوتھ کانگریس کے صدر اودے بھانو چِب کو حراست میں لینا مکمل طور پر غیر قانونی ہے۔ اپوزیشن کو پُرامن انداز میں اپنی بات رکھنے کا پورا حق ہے، لیکن برسراقتدار بی جے پی آمرانہ طرز عمل اختیار کر رہی ہے۔
Published: undefined
دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ کانگریس کے ذریعہ لیفٹیننٹ گورنر کو پیش میمورنڈم میں ’قانون کے نفاذ میں تناسب، جمہوری سیاسی اظہار کے تحفظ اور اس امر کو یقینی بنانے کی ضرورت‘ پر زور دیا گیا ہے کہ سیاسی اختلاف رائے سے پیدا ہونے والے مقدمات یا الزامات حد سے زیادہ سخت یا غیر ضروری طور پر سخت نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی گرفتاری مکمل طور پر غیر آئینی ہے اور حکومت کے ملک مخالف فیصلوں کے خلاف احتجاج کرنا سیاسی پارٹیوں کا جمہوری حق ہے۔
Published: undefined
کانگریس وفد نے لیفٹیننٹ گورنر سے درخواست کی کہ چونکہ ان کا دفتر دہلی پولیس کے حوالے سے آئینی و انتظامی نگرانی رکھتا ہے، اس لیے جانچ کی آزادی میں مداخلت کیے بغیر، یوتھ کانگریس کارکنان کے علامتی سیاسی اظہار کے جمہوری حق کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی مفاد اور آئینی توازن قائم رکھا جائے۔ اگر پولیس قانون کے تحت غیر جانبداری اور انصاف کے ساتھ کام کرے گی تو آئین پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined