خام تیل کے ساتھ گجرات پہنچا ’جگ لاڈکی‘ جہاز
مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے درمیان ہندوستان کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ کچھ جہاز ضروری گیس اور خام تیل کے ساتھ ہندوستان پہنچ چکی ہیں۔ ایل پی جی سے بھرے 2 جہازوں کے بعد اب ’جگ لاڈکی‘ جہاز بھی گجرات پہنچ گیا ہے، جس میں ہزاروں میٹرک ٹن خام تیل موجود ہے۔ اس سے توانائی کی سپلائی کو لے کر جاری بحران میں کچھ کمی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
Published: undefined
میڈیا رپورٹس کے مطابق گجرات واقع مندرا بندرگاہ پر ہندوستانی پرچم بردار خام تیل کا ٹینکر ’جگ لاڈکی‘ حفاظت کے ساتھ پہنچ گیا ہے۔ جہاز پر سوار تمام 22 ہندوستانی ملاح بھی محفوظ بتائے جا رہے ہیں۔ یہ ٹینکر متحدہ عرب امارات سے خام تیل لے کر آیا ہے۔ ٹینکر میں تقریباً 80,886 میٹرک ٹن خام تیل لدا تھا، جسے فجیرہ بندرگاہ سے لوڈ کیا گیا تھا۔ ’جگ لاڈکی‘ جنگی علاقہ سے اڈانی گروپ کے مندرا بندرگاہ تک پہنچنے والا دوسرا جہاز ہے۔ اس سے قبل ایل پی جی ٹینکر ’شیوالک‘ پیر کے روز اس بندرگاہ پر پہنچا تھا۔
Published: undefined
خاص بات یہ ہے کہ یہ جہاز اسی دن روانہ ہوا تھا، جب فجیرہ کے آئل ٹرمینل پر حملہ ہوا تھا۔ ’شیوالک‘ اور ’نندا دیوی‘ کے بعد یہ ہندوستان پہنچنے والا تیسرا جہاز ہے۔ یہ جہاز خلیج فارس سے بحیرۂ عرب کو جوڑنے والے اہم سمندری راستہ آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے ہندوستان پہنچا۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ ایل پی جی ٹینکر ’نندا دیوی‘ 46,500 میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر منگل کو واڈینار پہنچا تھا، جہاں اینکریج علاقہ میں شپ ٹو شپ (ایس ٹی ایس) ٹرانسفر کا عمل شروع کیا گیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ’نندا دیوی‘ سے یہ ایل پی جی ایم ٹی بی ڈبلیو بِرچ نامی دوسرے جہاز میں منتقل کیا جائے گا۔ یہ منتقلی آج سے شروع ہونے والی ہے، جسے ملک میں ایل پی جی سپلائی کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم مانا جا رہا ہے۔ اس دوران دین دیال پورٹ اتھارٹی (ڈی پی اے) کے چیئرمین سشیل کمار سنگھ خود ’نندا دیوی‘ جہاز پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جہاز کے کپتان اور عملہ کے اراکین سے بات چیت کر کے ٹرانسفر کے عمل کو ہموار طریقے سے چلانے کے لیے ضروری انتظامات کا معائنہ کیا۔
Published: undefined
بہرحال، ایک خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ عمان سے افریقہ کے لیے پٹرول لے کر جا رہا ٹینکر ’جگ پرکاش‘ کامیابی کے ساتھ آبنائے ہرمز عبور کر کے تنزانیہ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جنگ جیسے حالات والے اس خطہ سے محفوظ گزرنے والے ہندوستانی جہازوں کی تعداد بڑھ کر چار ہو گئی ہے۔
Published: undefined
فی الوقت مجموعی طور پر 24 ہندوستانی پرچم بردار جہاز آبنائے ہرمز کے علاقے میں موجود ہیں۔ ان میں سے 22 جہاز آبنائے ہرمز کے مغربی حصہ میں ہیں، جن پر 611 ملاح سوار ہیں، جبکہ 2 جہاز مشرقی حصہ میں موجود ہیں۔ مغربی حصے میں موجود 22 جہازوں میں 6 ایل پی جی کیریئر، 1 ایل این جی ٹینکر، 4 خام تیل کے ٹینکر، 1 کیمیکل مصنوعات لے جانے والا جہاز، 3 کنٹینر شپ اور 2 بلک کیریئر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایک ڈریجر، ایک خالی جہاز اور 3 جہاز ڈرائی ڈاک میں معمول کی مرمت کے لیے رکھے گئے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر بشکریہ پنکج چترویدی