قومی خبریں

اننت ناگ کے کانگریس رکن اسمبلی پیرزادہ محمد سعید کا انتقال، 73 سال کی عمر میں لی آخری سانس

پیرزادہ محمد سعید نے 1987، 2002 اور 2008 میں کوکرناگ کی نمائندگی کی تھی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی تھیں۔

<div class="paragraphs"><p>پیرزادہ محمد سعید، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

پیرزادہ محمد سعید، تصویر سوشل میڈیا

 

جموں و کشمیر کی اننت ناگ اسمبلی سیٹ سے کانگریس کے رکن اسمبلی پیرزادہ محمد سعید کا آج (جمعہ، 27 نومبر) انتقال ہو گیا۔ وہ کچھ عرصہ سے علیل تھے۔ انہوں نے 73 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔ ان کی تدفین آج دمہال اچھبل میں کی جائے گی۔ پیرزادہ محمد سعید نے 1987، 2002 اور 2008 میں کوکرناگ کی نمائندگی کی تھی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی تھیں۔ علاوہ ازیں 2024 میں اننت ناگ سے کامیابی حاصل کر انہوں نے جموں و کشمیر اسمبلی میں واپسی کی تھی۔

کانگریس لیڈر عرفان نقیب نے پیرزادہ محمد سعید کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعہ انہیں یاد کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’’آج ہم ایک عظیم لیڈر، ایک معزز سینئر ساتھی اور ایک رہنما سے محروم ہو گئے۔ پیرزادہ محمد سعید صاحب کا انتقال انتہائی افسوسناک نقصان ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’مجھے ان کے ساتھ کام کرنے کا شرف حاصل ہوا۔ میں نے عوامی خدمت اور کانگریس تحریک کے تئیں ان کی لگن، عہد بستگی اور ان کی بیش قیمتی خدمات کو قریب سے دیکھا ہے۔ ان کے تجربے، رہنمائی، انکساری اور پارٹی کے ساتھ ان کی تاحیات وابستگی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ہم سب، جنہیں ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، ان کی کمی کو شدت سے محسوس کریں گے۔‘‘

جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے اننت ناگ ضلع کے نائب صدر شیخ عرفان گلزار نے بھی پیرزادہ محمد سعید کے انتقال پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔ انھوں نے ’ایکس‘ پر جاری پوسٹ میں لکھا کہ ’’سابق وزیر اور اننت ناگ سنٹرل کے رکن اسمبلی پیرزادہ محمد سعید صاحب کے انتقال کی خبر سے گہرا صدمہ پہنچا۔ عوامی زندگی میں ان کی خدمات کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ جنت میں ان کے درجات بلند فرمائے۔‘‘ تنویر صادق نے ان کے انتقال پر تعزیت ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’پیرزادہ محمد سعید صاحب کے انتقال سے گہرا صدمہ پہنچا۔ وہ ایک تجربہ کار رکن اسمبلی، سابق وزیر اور جے کے پی سی سی کے سابق صدر تھے۔ اسمبلی میں میرے سینئر ساتھی کی حیثیت سے وہ ہمیشہ مسکراتے رہتے تھے، ملنسار تھے اور اپنا علم دوسروں کے ساتھ بانٹنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتے تھے۔‘‘ وہ یہ بھی بتاتے ہیں کہ ’’مجھے ہمیشہ یاد رہے گا کہ میری پہلی تقریر کے بعد انہوں نے مجھے فون کر کے مبارک باد دی تھی۔ یہ ان کا ایسا عمل تھا جس کی میرے لیے بہت زیادہ اہمیت ہے۔ ان کی موجودگی اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور جنت میں انہیں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ آمین۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔