
شارٹ سرکٹ کی شکار بس، تصویر سوشل میڈیا
’آئی پی ایل 2026‘ کے فائنل میں اتوار کو شکست کے بعد گجرات ٹائٹنز کے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے ساتھ ایک بڑا حادثہ پیش آیا، حالانکہ سبھی بال بال بچ گئے۔ ٹیم کو ہوٹل واپس لے جانے والی بس میں شارٹ سرکٹ ہونے کے باعث گاڑی راستے میں ہی خراب ہو گئی، جس کے بعد کھلاڑیوں اور اسٹاف کو فوری طور پر بس سے باہر نکالنا پڑا۔
Published: undefined
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی ایک رپورٹ کے مطابق بس میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے بعد اس کے اندر دھواں بھرنے لگا۔ اس سے افرا تفری پھیل گئی اور سبھی کھلاڑی فکر میں مبتلا ہو گئے۔ صورت حال کو دیکھتے ہوئے ٹیم انتظامیہ اور سیکورٹی اہلکاروں نے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کو محفوظ طریقے سے بس سے باہر نکالا۔ اطمینان کی بات یہ رہی کہ اس واقعہ میں کوئی بھی کھلاڑی یا اسٹاف رکن زخمی نہیں ہوا۔
Published: undefined
واقعہ کے بعد پوری ٹیم کچھ وقت تک سڑک کے کنارے کھڑی نظر آئی۔ بعد ازاں دوسری بس کا انتظام کیا گیا، جس کے ذریعہ کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کو ہوٹل پہنچایا گیا۔ یہ واقعہ گجرات ٹائٹنز کے لیے پہلے ہی ایک مایوس کن دن کے اختتام پر پیش آیا۔ اتوار کو کھیلے گئے آئی پی ایل 2026 کے فائنل میں ٹیم کو رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کے خلاف 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس ہار کے ساتھ ہی گجرات کا خطاب جیتنے کا خواب بھی چکنا چور ہو گیا۔
Published: undefined
فائنل سے قبل بھی گجرات ٹائٹنز کا سفری پروگرام کافی مصروف اور چیلنجنگ رہا۔ ٹیم نے 27 مئی کو دھرمشالا سے ملاں پور کا سفر کیا تھا، جہاں 29 مئی کو راجستھان رائلز کے خلاف کوالیفائر-2 کھیلا گیا۔ اس کے بعد 30 مئی کو احمد آباد واپسی کا پروگرام تھا، لیکن ملاں پور میں خراب موسم کے باعث ٹیم کی پرواز کافی دیر تک متاثر رہی۔ مسلسل تاخیر کے بعد گجرات ٹائٹنز کا دستہ ہفتہ کی دیر شام اپنے ہوم گراؤنڈ احمد آباد پہنچ سکا تھا۔ ایسے میں فائنل میں شکست اور پھر ٹیم بس میں پیش آنے والی تکنیکی خرابی نے گجرات ٹائٹنز کے لیے مشکلات سے بھرپور ایک طویل اور تھکا دینے والی مہم کا مایوس کن اختتام کر دیا۔
Published: undefined
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined