قومی خبریں

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کا نتیجہ برآمد، نعمان اشرف صدر منتخب، نشرہ نعیم بنیں پہلی خاتون نائب صدر

اے ایم یو ایس یو انتخابات کے لیے یونیورسٹی میں 13 پولنگ مراکز بنائے گئے تھے۔ ان مراکز پر 5 نومبر کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ووٹنگ ہوئی۔ شام 7 بجے سے ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی تھی۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، تصویر ابوہریرہ
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، تصویر ابوہریرہ 

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی طلبا یونین (اے ایم یو ایس یو) کے انتخابات کے نتائج آ گئے ہیں۔ ان انتخابات میں نعمان اشرف نے صدر کے عہدے پر کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ محمد حمدان کو سکریٹری منتخب کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں فریٹرنٹی موومنٹ کی قومی مجلس عاملہ کی رکن اور قانون کی طالبہ نشرہ نعیم نے نائب صدر کے عہدے پر کامیابی حاصل کی ہے۔ اس سے قبل اے ایم یو ایس یو میں کبھی خاتون نائب صدر منتخب نہیں ہوئیں، یعنی نشرہ طلبا یونین کی پہلی خاتون نائب صدر بن گئی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو 8 سال بعد طلبا یونین ملی ہے۔ اب یونیورسٹی میں طلبا یونین کے عہدیداروں کے دفاتر کے تالے پوری طرح کھل جائیں گے۔ اے ایم یو ایس یو کے صدر کے عہدہ پر نعمان اشرف نے 7797 ووٹ حاصل کر کے کامیابی درج کی۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی روایت کے مطابق جو طلبا اچھی تقریر کرتے ہیں، انہیں کامیاب امیدوار تسلیم کر لیا جاتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جو امیدوار اپنے حریف سے بہتر تقریر کرتا ہے، وہی انتخاب جیتتا ہے۔ ووٹنگ سے قبل کی رات آخری تقریری مقابلے میں مختلف طلبا نے الگ الگ مسائل پر اپنی بات رکھی تھی، جس کے بعد اگلی صبح ووٹنگ کا عمل شروع ہوا۔

اے ایم یو ایس یو انتخابات کے لیے یونیورسٹی میں 13 پولنگ مراکز بنائے گئے تھے۔ ان مراکز پر 5 نومبر کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ووٹنگ ہوئی۔ اس انتخابی عمل میں تقریباً 22 ہزار طلبا و طالبات نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ 5 الگ الگ رنگوں کے بیلٹ پیپرز کے ذریعے ووٹر طلبا نے اپنے پسندیدہ امیدوار کو ووٹ دیا۔ اس کے بعد شام 7 بجے سے این آر ایس سی کلب میں ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی۔

واضح رہے کہ اے ایم یو طلبا یونین کے انتخابات میں صدر کے عہدے کے لیے 9 امیدوار میدان میں تھے، جبکہ نائب صدر کے عہدے کے لیے 7 اور سکریٹری کے عہدے کے لیے 3 امیدواروں نے انتخاب لڑا تھا۔ انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد اب اے ایم یو کو طلبا یونین کی نئی مجلس مل گئی ہے۔ گزشتہ دنوں طلبا نے طلبا یونین کے انتخابات کرانے کے مطالبے کو لے کر کئی دنوں تک احتجاج کیا تھا، اور اب ان کی کوششیں رنگ لا چکی ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔