قومی خبریں

اکھلیش یادو نے راہل گاندھی کے ’فون ٹیپنگ‘ والے دعویٰ کا کیا دفاع، کہا ’امر سنگھ کی بات سچ نکلی تھی‘

راہل گاندھی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’سبھی الزامات کے ثبوت میرے فون میں ہیں، جسے وزیر اعظم ٹیپ کرا رہے ہیں۔ وَن-آن-وَن بحث سے یہ ثابت ہو جائے گا کہ غیر ملکی طاقتوں کے اشارے پر کون کام کر رہا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی اور اکھلیش یادو، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

راہل گاندھی اور اکھلیش یادو، تصویر سوشل میڈیا

 

سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کانگریس رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کے فون ٹیپ کیے جانے سے متعلق دعویٰ پر کوئی حیرانی ظاہر نہیں کی۔ انھوں نے اس معاملہ میں اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں کچھ بھی ممکن ہے۔ ٹیکنالوجی اتنی آسان ہو گئی ہے کہ کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ اس معاملہ میں اپنی بات رکھتے ہوئے اکھلیش یادو نے آنجہانی امر سنگھ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ انہوں نے بھی فون ٹیپنگ کی بات کہی تھی، جو بعد میں سچ ثابت ہوئی تھی۔ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ آج کے دور میں کچھ بھی ممکن ہے۔ آج کل ٹیکنالوجی بہت آسان ہو گئی ہے، اس لیے کچھ بھی ہو سکتا ہے۔

دراصل راہل گاندھی نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر ’آسک می سیشن‘ کے دوران انسٹا یوزرس کے کچھ اہم سوالوں کے جواب دیے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’’میرے سبھی الزامات کے ثبوت میرے فون میں ہیں، جسے وزیر اعظم ٹیپ کرا رہے ہیں۔ وَن-آن-وَن بحث سے یہ ثابت ہو جائے گا کہ غیر ملکی طاقتوں کے اشارے پر کون کام کر رہا ہے، ملک مخالف کون ہے اور کب سے ملک مخالف سرگرمیوں میں شامل ہے۔ ایسی کئی دوسری جانکاریاں بھی ہیں، جو مجھے پتہ ہیں اور میرے فون میں ہیں۔‘‘ گویا کہ راہل گاندھی نے پی ایم مودی کو ’اوپن ڈیبیٹ‘ کے لیے چیلنج پیش کیے جانے سے متعلق اپنی بات رکھتے ہوئے فون ٹیپنگ کا دعویٰ کیا، جس پر سیاسی بحث شروع ہو گئی ہے۔

بہرحال، لکھنؤ میں پریس کانفرنس کے دوران اکھلیش یادو نے ووٹر لسٹ اور خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے معاملے پر بھی بی جے پی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ وزیر اعلیٰ کو کیسے پتہ چلا کہ ایک کروڑ 27 لاکھ ہندو ووٹ کاٹ دیے گئے ہیں؟ الیکشن کمیشن نے انہیں یہ اطلاع کس بنیاد پر دی؟ اکھلیش یادو نے یہ الزام بھی لگایا کہ بی جے پی ووٹر لسٹ میں گڑبڑی کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ ہم ووٹ بچانے میں کامیاب رہے، اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ وزیر اعلیٰ نے ایک نئی بات کہہ دی۔ شاید انہوں نے یہ بات کسی سازش کے تحت کہی تاکہ سماج میں خوف پھیل جائے۔ الیکشن کمیشن نے انہیں یہ اطلاع کس طریقے سے دی ہوگی؟ انہیں کیسے پتہ چلا کہ اتنے ووٹ کاٹ دیے گئے ہیں؟ ایسا لگتا ہے کہ الیکشن کمیشن نے انہیں دھمکایا ہے۔ اب وہ ایک کروڑ 27 لاکھ ہندو ووٹوں کی بات نہیں کریں گے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔