قومی خبریں

علی گڑھ میں نو تعمیر مزار پر تنازعہ کے بعد انتظامیہ نے چلایا بلڈوزر، ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج

جس جگہ پر مزار بنایا گیا، وہاں آس پاس مسلمانوں کی آبادی بھی نہیں ہے، الزام ہے کہ ٹھیکیدار ٹی پی شرما نے زمین پر قبضہ کرنے کے مقصد سے بغیر کسی اطلاع کے واٹر بورڈ کی زمین پر مزار بنا دیا۔

بلڈوزر، علامتی تصویر قومی آواز/ویپن
بلڈوزر، علامتی تصویر قومی آواز/ویپن 

ابھی ایک ہفتہ بھی نہیں ہوا ہوگا اور علی گڑھ کے ساسنی گیٹ تھانہ علاقہ میں نو تعمیر مزار پر یوگی حکومت نے بلڈوزر چلا دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک کمرہ میں بنے اس مزار پر لوگوں نے چادر چڑھانا بھی شروع کر دیا تھا اور جب اس کی خبر پھیلی تو ہندوتوادی تنظیموں نے سخت اعتراض ظاہر کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ساسنی گیٹ تھانہ علاقہ کے ہاؤسنگ ڈیولپمنٹ کالونی میں میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ تعمیر کرائے جا رہے ہاؤسنگ پروجیکٹ اسکائی ٹاور کے پاس ایک کمرے میں یہ مزار ناجائز طریقے سے تعمیر کیا گیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ انتظامیہ کو جیسے ہی یہ خبر ملی، اس پر بلڈوزر چلا کر مسمار کر دیا گیا۔

Published: undefined

اس مزار کو بنانے والے ٹھیکیدار ٹی پی شرما کے خلاف مقدمہ درج کیے جانے کی بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جس جگہ پر مزار بنایا گیا، وہاں آس پاس مسلمانوں کی آبادی بھی نہیں ہے۔ الزام ہے کہ ٹھیکیدار ٹی پی شرما نے زمین پر قبضہ کرنے کے مقصد سے بغیر کسی اطلاع کے واٹر بورڈ کی زمین پر مزار بنا دیا۔ جب ضلع انتظامیہ کے افسران پیر کے روز وہاں پہنچے تو کمرے کے باہر تالا لگا تھا۔ جب اسے توڑا گیا تو اندر مزار پر چادر چڑھائی ہوئی نظر آئی۔ پھر فوری کارروائی کرتے ہوئے اس پر بلڈوزر چلا دیا گیا۔ حالانکہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہاں بہت پہلے مزار موجود تھا، لیکن بغیر اجازت نئے سرے سے مزار بنائے جانے پر کئی لوگوں نے حیرانی کا اظہار کیا۔

Published: undefined

ایک میڈیا رپورٹ میں مقامی ہندوتوا لیڈر بھرت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ساسنی گیٹ تھانہ علاقہ کے اے ڈی اے کالونی کے رہنے والے مقامی باشندہ کے ذریعہ جانکاری دی گئی تھی کہ میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ اسکائی ٹاور کی تعمیر کی جا رہی ہے۔ اسکائی ٹاور کے برابر میں واٹر بورڈ کی زمین پر ناجائز طریقے سے مزار بنایا گیا۔ یہاں چھوٹا سا کمرہ بنا کر اندر خاموشی کے ساتھ مزار بنا دیا گیا۔ اس مزار پر چادر بھی چڑھائی جانے لگی تھی۔ جب میونسپل کارپوریشن کے لوگ وہاں پہنچے تو اس وقت بھی مزار پر چادر پڑی ہوئی تھی اور باہر سے تالا لگا تھا۔

Published: undefined

موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع انتظامیہ نے میونسپل کارپوریشن اہلکار کو بلوا کر کمرے کا تالا کھلوایا اور ناجائز تعمیرات کو منہدم کرنے کی کارروائی شروع کی۔ اب ناجائز طریقے سے مزار تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ایس پی سٹی کلدیپ گناوت کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار ٹی پی شرما کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور موقع پر امن و امان قائم ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined