
تصویر اے آئی
چند روز پہلے کی ہی بات ہے جب ممبئی میں ایک ہی کنبہ کے کچھ لوگوں کی طبیعت تربوز کھانے کے بعد بگڑی، اور پھر ان کی موت ہو گئی۔ اب کچھ ایسا ہی معاملہ اتر پردیش کے بجنور میں پیش آیا ہے، جس نے لوگوں میں خوف و دہشت پیدا کر دیا ہے۔ بجنور کے کوتوالی دیہات تھانہ علاقہ کے شیر نگر نرائیکا گاؤں میں تربوز کھانے کے بعد ایک ہی خاندان کے 3 افراد کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق اسپتال لے جاتے وقت راستے میں 22 سالہ لڑکی نے دم توڑ دیا اور اس کے والدین کی حالت اب بھی نازک بنی ہوئی ہے۔
Published: undefined
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر ضیاء الرحمٰن نامی شخص نے بازار سے لایا ہوا تربوز اپنی بیوی اور بیٹی مسکان کے ساتھ کھایا تھا۔ تربوز کھانے کے کچھ ہی دیر بعد تینوں کو شدید بے چینی، الٹی اور پیٹ درد کی شکایت ہونے لگی۔ جیسے جیسے وقت گزرتا گیا، مسکان کی حالت تیزی سے بگڑنے لگی۔ اہل خانہ اسے لے کر فوری طور پر اسپتال کے لیے روانہ ہوئے، لیکن بدقسمتی سے اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی مسکان کی موت ہو گئی۔ مسکان کا نکاح حال ہی میں طے ہوا تھا، جس کے باعث گھر میں خوشیوں کا ماحول تھا۔ لیکن اب یہ خوشی ماتم میں بدل گئی ہے۔
Published: undefined
اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی محکمۂ صحت کی ٹیم اور مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ڈاکٹر ضیاء الرحمٰن اور ان کی اہلیہ کو بجنور کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے مسکان کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ تاہم اہل خانہ پوسٹ مارٹم کرانے پر راضی نہیں ہوئے۔
Published: undefined
محکمۂ صحت کے افسران کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ کا پتہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی چل سکے گا۔ فی الحال یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تربوز میں استعمال کیے گئے کیمیکل یا جراثیم کش دواؤں (پیسٹی سائیڈس) کی وجہ سے فوڈ پوائزننگ ہوئی ہوگی۔
Published: undefined
مبینہ طور پر تربوز کھانے سے ہوئی موت کے بعد علاقائی محکمۂ صحت کے افسران نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پھل خریدتے وقت احتیاط برتیں۔ اکثر پھلوں کو جلد پکانے یا زیادہ سرخ دکھانے کے لیے خطرناک کیمیکل کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ تازہ واقعہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پھل کے نمونوں کی جانچ بھی کی جا سکتی ہے۔
Published: undefined
بہرحال، ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں تربوز کھاتے وقت چند باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ تربوز کاٹنے سے پہلے اسے کم از کم ایک گھنٹے تک پانی میں بھگو کر رکھیں۔ بہت زیادہ گہرے سرخ رنگ یا انجکشن کے نشان والے تربوز نہ خریدیں۔ اگر پھل کھانے کے بعد گھبراہٹ یا پیٹ میں مروڑ محسوس ہو تو بلا تاخیر ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔
Published: undefined
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined