قومی خبریں

کوٹا، دہرادون اور پریاگ راج کے بعد آج پونے میں راہل گاندھی کا ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام، لاکھوں طلبہ کی شرکت متوقع

سیکورٹی اور لا اینڈ آرڈر برقرار رکھنے کے لیے منتظمین پر 30 شرائط عائد کی گئی ہیں۔ ان میں قابل اعتراض پوسٹر، بینر اور تصاویر لگانے پر پابندی سمیت کئی ہدایات شامل ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی</p></div>

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی

 

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی ہفتہ یعنی آج مہاراشٹر کے پونے میں ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام میں طلبہ سے ہم کلام ہوں گے۔ یہ اس مہم کا چوتھا بڑا پروگرام ہے۔ اس سے قبل راہل گاندھی کوٹا، دہرادون اور پریاگ راج میں طلبہ سے گفتگو کر چکے ہیں۔ پونے پولیس نے پروگرام کی اجازت دے دی ہے۔ سیکورٹی اور لا اینڈ آرڈر برقرار رکھنے کے لیے منتظمین پر 30 شرائط عائد کی گئی ہیں۔ ان میں قابل اعتراض پوسٹر، بینر اور تصاویر لگانے پر پابندی سمیت کئی ہدایات شامل ہیں۔

راہل گاندھی کا یہ پروگرام پونے کے ایس ایس پی ایم ایس کالج کے میدان میں منعقد کیا جائے گا۔ یہ میدان ان کے لیے نیا نہیں ہے۔ 2024 کے لوک سبھا انتخاب کی مہم کے دوران بھی راہل گاندھی نے اسی میدان میں ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کیا تھا۔ اب ایک بار پھر وہ اسی جگہ طلبہ کے درمیان اپنی بات رکھیں گے۔ پروگرام میں ملک بھر سے طالبات کے شرکت کرنے کی امید ہے۔ اس بار مکالمے کا بنیادی مرکز طالبات سے متعلق مسائل ہوں گے۔ تعلیم، سیکورٹی، مساوات، مسابقتی امتحانات اور کیریئر کے مواقع جیسے موضوعات پر طالبات سے کھل کر بات چیت کی جائے گی۔ مہم کا مقصد طلبہ، خاص طور پر طالبات کو اپنے مسائل اور خیالات سامنے رکھنے کے لیے محفوظ اور آزاد پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تعلیم اور روزگار سے متعلق مسائل کو وسیع تر سیاسی اور سماجی بحث کا حصہ بنانا بھی اس کا مقصد ہے۔

واضح رہے کہ ’چھاتروں کی گونج‘ مہم کا آغاز نوجوانوں اور طلبہ سے متعلق مسائل کو ترجیح کے ساتھ اٹھانے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔ راہل گاندھی اس سے قبل 17 جون کو کوٹا، 17 جولائی کو دہرادون اور 8 اگست کو پریاگ راج میں طلبہ سے گفتگو کر چکے ہیں۔ ان پروگراموں کے دوران انہوں نے پیپر لیک، تعلیمی نظام میں اصلاحات اور نوجوانوں سے متعلق دیگر مسائل پر بات چیت کی۔ کئی مواقع پر راہل گاندھی نے طلبہ اور اساتذہ کو بھی اسٹیج پر اپنی بات رکھنے کا موقع دیا۔ پریاگ راج پروگرام میں راہل گاندھی نے نوجوانوں کو ملک کی سب سے بڑی طاقت قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان کا مستقبل نوجوانوں کی صلاحیت اور انہیں ملنے والے مواقع پر منحصر ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے 19 جولائی کو دہلی میں سی ڈبلیو سی کی میٹنگ کے بعد کہا تھا کہ ’چھاتروں کی گونج‘ مہم کو آگے بھی جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ ملک بھر کے تقریباً 800 چھوٹے شہروں اور قصبوں میں اس طرح کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ راہل گاندھی ان میں سے کچھ مقامات پر خود بھی طلبہ سے گفتگو کریں گے۔ اس مہم کے ذریعے کانگریس کی نظر نوجوانوں اور طلبہ سے متعلق مسائل کو ملک گیر سطح پر اٹھانے پر ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔