قومی خبریں

ابھیشیک بنرجی کا لوک سبھا اسپیکر کو خط، خصوصی اجلاس میں این سی پی آئی کے 20 اراکین کو ووٹنگ سے روکنے کا مطالبہ

ابھیشیک بنرجی نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹی ایم سی چھوڑ کر این سی پی آئی میں شامل ہونے والے اراکین کو پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

<div class="paragraphs"><p>ابھیشیک بنرجی / آئی اے این ایس</p></div>

ابھیشیک بنرجی / آئی اے این ایس

 

پارلیمنٹ میں حدبندی بل پیش کیے جانے سے قبل ممتا آل انڈیا ترنمول کانگریس (ایم اے آئی ٹی سی) کے ڈائمنڈ ہاربر سے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو خط لکھا ہے۔ اس خط میں انہوں نے ترنمول کانگریس سے الگ ہوکر این سی پی آئی میں شامل ہونے والے لوک سبھا کے 20 اراکین کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ابھیشیک بنرجی نے مطالبہ کیا ہے کہ ترنمول کانگریس چھوڑ کر این سی پی آئی میں شامل ہونے والے ان 20 اراکین کو پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے، کیونکہ ان کے خلاف نااہلی کی درخواستیں اب بھی زیر التوا ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران انہیں ووٹنگ کی اجازت دینے سے زیر التوا کارروائی متاثر ہوگی اور یہ آئین کی بنیادی روح کے خلاف ہوگا۔

اپنے خط میں ابھیشیک بنرجی نے لکھا کہ ’’میں آپ (لوک سبھا اسپیکر) کی توجہ ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے 20 اراکین کے مبینہ انضمام کی جانب دلانا چاہتا ہوں۔ ان اراکین کا دعویٰ ہے کہ وہ ’نیشنلسٹ سٹیزنس پارٹی آف انڈیا‘ میں شامل ہوگئے ہیں۔ نااہلی سے متعلق درخواستیں زیر التوا ہونے کے پیش نظر میں آپ سے اس معاملے پر غور کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔‘‘ اس کے علاوہ ڈائمنڈ ہاربر کے رکن پارلیمنٹ نے لوک سبھا اسپیکر سے ایوان میں ان اراکین کے لیے الگ نشستوں کے انتظام پر بھی فوری طور پر نظرثانی کرنے کی اپیل کی ہے۔

ابھیشیک بنرجی نے اپنے خط میں یہ بھی بتایا ہے کہ کافی وقت گزر جانے کے باوجود این سی پی آئی کے ان 20 اراکین کو نااہل قرار دینے سے متعلق درخواستوں پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ حالانکہ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا کی سرکاری ویب سائٹ پر ترنمول کانگریس کے اراکین کی تعداد اب بھی 28 دکھائی جا رہی ہے، جس میں وہ 20 اراکین بھی شامل ہیں جو این سی پی آئی میں شامل ہوگئے تھے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب سرکاری دستاویزات میں انہیں اب بھی ترنمول کانگریس کا رکن پارلیمنٹ تسلیم کیا جا رہا ہے تو پھر کس بنیاد پر انہیں پارلیمنٹ میں الگ نشستیں دی گئی ہیں؟

ابھیشیک بنرجی نے اپنے خط میں یہ بھی لکھا کہ ’’اس معاملے کا تصفیہ نہ ہونے سے یہ خدشہ پیدا ہوتا ہے کہ ’آئین (132ویں ترمیم) بل‘ پر ہونے والی کارروائی میں ان کے ووٹ بھی شمار کیے جا سکتے ہیں۔ اس بل کو منظور کرانے کے لیے حکومت کو ایوان میں موجود اور ووٹنگ میں حصہ لینے والے اراکین کی 2 تہائی اکثریت درکار ہے۔ میں آپ سے ان معاملات میں مداخلت کرنے اور ان پر غور کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ آئین کی دفعات اور لوک سبھا کے قواعد و ضوابط کے مطابق اس معاملے کا جلد حل نکال آئے گا۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔