
ٹرین میں لگی آگ کا منظر، سوشل میڈیا
پنجاب کے پٹیالہ-راجپورا کے پاس کرم بھومی ایکسپریس ٹرین کے 4 ڈبوں میں آگ لگنے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چلتی ٹرین میں آگ لگنے سے مسافروں میں افرا تفری مچ گئی اور ٹرین رکتے ہی مسافر کودتے نظر آئے۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ بڑی تعداد میں مسافروں کو آگ نے نقصان بھی پہنچایا ہے، حالانکہ کسی ہلاکت کی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق ٹرین پنجاب سے بہار کی طرف جا رہی تھی اور اس کی آخری منزل مغربی بنگال (نیو جلپائی گوڑی) تھی۔ پٹیالہ میں سرائے بنجارا کے قریب ٹرین میں آگ لگی جو تیزی کے ساتھ پھیلتی چلی گئی۔ دیکھتے ہوئے دیکھتے جائے وقوع پر دھوئیں کا غبار پھیل گیا اور مسافر ڈر کر ٹرین سے اترنے لگے۔ ٹرین میں لگی آگ کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں، جن سے خوفناکی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ ابھی تک یہ نہیں پتہ چل سکا ہے کہ آخر یہ آگ کس طرح لگی۔
بتایا جا رہا ہے کہ تہواروں کی وجہ سے ٹرین کھچاکھچ بھری ہوئی تھی اور لوگ اپنے گاؤں گھر جا رہے تھے۔ ٹرین کے جن ڈبوں میں آگ لگی تھی، ان میں موجود مسافروں نے آگ دیکھتے ہی شور مچانا شروع کر دیا۔ ڈرائیور کو آگ لگنے کی جیسے ہی خبر ملی، اس نے ٹرین کو روک دیا۔ ٹرین رکتے ہی متاثرہ ڈبوں کے مسافر تیزی کے ساتھ ٹرین سے نیچے اتر گئے، جس کی وجہ سے کوئی بڑا حادثہ ہونے سے بچ گیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔