
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے ہفتے کے روز ریاست کے عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور کرناٹک بھر میں امن، ہم آہنگی اور ہمہ گیر ترقی کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ 80ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں بنگلورو میں واقع اپنی سداشیو نگر رہائش پر قومی پرچم لہرانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’مجھے وزیر اعلیٰ اور عوامی خادم کے طور پر قومی پرچم لہرانے کا موقع ملا ہے۔ میں معاشرے کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلوں گا اور آنے والے دنوں میں ریاست میں امن، رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانے کی کوشش کروں گا۔‘‘
کرناٹک اور ہم وطنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ڈی کے شیوکمار نے ان رہنماؤں اور مجاہدین آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کیا جن کی قربانیوں نے ملک کے اتحاد، سالمیت اور جمہوری اقدار کو محفوظ رکھنے میں مدد کی۔ دوسری جانب نائب وزیر اعلیٰ جی پرمیشور نے تمکور میں واقع شری سدھ گنگا مٹھ کا دورہ کیا، شری سدھ لنگا سوامی جی کا آشیرواد لیا اور مٹھ کے احاطے میں قومی پرچم لہرایا۔
مانڈیا میں آبی وسائل کے وزیر اور ضلعی انچارج این چیلوورایاسوامی نے شہریوں سے مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے رواداری، بھائی چارے، برابری اور سماجی انصاف کو برقرار رکھ کر ملک کی تعمیر میں اپنا تعاون دینے کی اپیل کی۔ قومی پرچم لہرانے کے بعد 80ویں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ہندوستان نے مہاتما گاندھی، جواہر لال نہرو، نیتا جی سبھاش چندر بوس، بھگت سنگھ اور چندر شیکھر آزاد سمیت ان گنت محبِ وطنوں کی قربانیوں کے ذریعے آزادی حاصل کی۔ ساتھ ہی انہوں نے کرناٹک کے مجاہدینِ آزادی کٹور رانی چنما، سنگولی رائنا، گنگادھر راؤ دیش پانڈے، آر آر دیواکر، این ایس ہارڈیکر، آلورو وینکٹ راؤ اور ایس نجلنگپا کی خدمات کو بھی یاد کیا۔
دوسری جانب تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ سی جوزف وجے نے ہفتے کے روز فورٹ سینٹ جارج کی فصیل سے قومی پرچم لہرایا۔ اس کے بعد اپنی پہلی یومِ آزادی کی تقریر کرتے ہوئے انہوں نے تمل ناڈو کے مفادات اور آئینی حقوق کا مضبوطی سے تحفظ کرنے، ساتھ ہی ایک شفاف، عوامی اور بدعنوانی سے پاک انتظامیہ بنانے کا عزم کیا۔ وجے نے کہا کہ ان کی حکومت ان انتظامی امور میں مرکزی حکومت کا تعاون کرے گی جن سے تمل ناڈو کے عوام کو فائدہ ہو۔ حالانکہ وہ کسی بھی ایسے قدم کی سخت مخالفت کریں گے جو ریاست کے مفادات کو نقصان پہنچاتا ہو یا اس کے حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہو۔
ہندوستان کی آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مجاہدینِ آزادی اور قومی ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے وجے نے کہا کہ ’’آزادی کے حقیقی جذبے کو صرف اسی صورت میں محسوس کیا جا سکتا ہے جب لوگ ظلم کے خلاف متحد ہوں اور ذات پات، مذہب، زبان اور نسل کی بنیاد پر بنے امتیازات سے اوپر اٹھیں۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شفافیت، سچائی اور ایمانداری ان کی انتظامیہ کے رہنما اصول رہیں گے۔ حکومت نے عوامی آمدنی کو پرائیویٹ ہاتھوں میں جانے سے روکنے اور ہر سطح پر رشوت خوری اور بدعنوانی کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
وجے نے اعلان کیا کہ تمل ناڈو اسٹیٹ مارکیٹنگ کارپوریشن کی 717 شراب کی دکانیں بند کر دی گئی ہیں اور کارپوریشن کے انتظامی نظام کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا عمل جاری ہے۔ اس اقدام کا مقصد شفافیت کو بڑھانا اور کام کاج کی بہتر نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ سرکاری افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ سرکاری دفاتر میں آنے والے شہریوں کے ساتھ عزت اور شائستگی سے پیش آئیں۔ انہوں نے کہا کہ خدمات کے حصول یا شکایات کے ازالے کے لیے عوام کو ادھر ادھر بھٹکنے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔