قومی خبریں

مغربی بنگال کے 57 بی ایڈ کالجوں نے داخلوں پر پابندی کے فیصلے کو کلکتہ ہائی کورٹ میں کیا گیا چیلنج

مغربی بنگال کے 57 بی ایڈ کالجوں نے داخلوں پر پابندی کے حکومتی فیصلے کو کلکتہ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ پابندی کی وجوہات بتاتے ہوئے واضح نوٹس جاری نہیں کیا گیا

کلکتہ ہائی کورٹ / تصویر آئی اے این ایس
کلکتہ ہائی کورٹ / تصویر آئی اے این ایس 

کولکاتا: مغربی بنگال میں تقریباً 57 بیچلر آف ایجوکیشن (بی ایڈ) کالجوں نے ریاستی حکومت کے اس فیصلے کو کلکتہ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے، جس کے تحت مقررہ اہلیت کے معیار پر پورا نہ اترنے والے تعلیمی اداروں کے داخلوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ان کالجوں نے عدالت میں عرضی داخل کرتے ہوئے حکومت کے فیصلے کو غیر واضح اور غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔

ایک سرکاری عہدیدار نے پیر کو اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عرضی پر منگل کو سماعت ہونے کا امکان ہے۔ درخواست گزار کالجوں کا الزام ہے کہ حکام نے داخلوں پر پابندی عائد کرنے سے پہلے انہیں کوئی ایسا واضح نوٹس جاری نہیں کیا، جس میں کارروائی کی ٹھوس وجوہات اور ان کی جانب سے پورا نہ کیے جانے والے معیارات کی تفصیلات بتائی گئی ہوں۔

یہ قانونی کارروائی ریاستی حکومت کی جانب سے ان تعلیمی اداروں کی سرکاری فہرست جاری کیے جانے کے بعد سامنے آئی ہے، جنہیں تعلیمی سال 2026-27 کے لیے الحاق کی تجدید کا اہل نہیں پایا گیا ہے۔

ریاستی حکام کے مطابق فہرست میں شامل 205 کالج ضروری بنیادی ڈھانچے اور انتظامی معیارات پر پورا اترنے میں ناکام رہے ہیں۔ اسی بنیاد پر انہیں 2026-28 کے سیشن میں نئے طلبہ کو داخلہ دینے سے روک دیا گیا ہے۔ تاہم حکومت نے واضح کیا ہے کہ جو ادارے اپنے بنیادی ڈھانچے اور تدریسی عملے کی کمی کو دور کرلیں گے، وہ 2027-29 کے تعلیمی سیشن کے لیے اپنی اہلیت ثابت کرنے کی غرض سے دوبارہ درخواست دے سکتے ہیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی تعلیمی اداروں میں قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی یقینی بنانے اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے کی گئی ہے۔ ریاست کے اعلیٰ تعلیم کے وزیر جگن ناتھ چٹوپادھیائے اس سے قبل واضح کرچکے ہیں کہ حکومت تعلیم کے کاروباری استحصال کی اجازت نہیں دے گی اور تعلیمی معیار پر کسی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اسی پالیسی کے تحت محکمہ اعلیٰ تعلیم اور محکمہ تکنیکی تعلیم نے مشترکہ طور پر بی ایڈ، آئی ٹی آئی، پولی ٹیکنک اور فارمیسی کالجوں کا معائنہ شروع کیا تھا۔ اس مہم کے پہلے مرحلے میں 156 بی ایڈ کالجوں کو داخلے شروع کرنے کی اجازت دی گئی، جبکہ مقررہ معیارات پر پورا نہ اترنے والے 415 کالجوں کو اپنی خامیاں دور کرنے کے لیے 21 دن کا وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ ان میں سے نو اداروں نے نوٹس کا کوئی جواب نہیں دیا۔

معائنے کے دوسرے مرحلے کے بعد 237 بی ایڈ کالجوں کو تعلیمی سال 2026-27 کے لیے طلبہ کے داخلے کی منظوری دے دی گئی، جبکہ قواعد کی خلاف ورزی اور مطلوبہ شرائط پوری نہ کرنے والے باقی 205 اداروں کو نئے داخلے لینے سے روک دیا گیا۔

اب ان میں سے 57 کالجوں نے حکومتی فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا ہے۔ اس معاملے میں کلکتہ ہائی کورٹ کی آئندہ سماعت اہم سمجھی جارہی ہے، کیونکہ اس سے داخلوں پر عائد پابندی اور متعلقہ کالجوں کو دیے گئے نوٹس کے قانونی جواز پر صورت حال واضح ہوسکتی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔