قومی خبریں

مودی کی سالگرہ: ایم پی میں 25 لاکھ دیے جلانے پر راہل گاندھی کا حملہ، ’جشن سے فرصت ملے تو زمینی حقیقت دیکھیں‘

وزیراعظم مودی کی 76ویں سالگرہ پر اجین میں شپرا ندی کے کنارے 25 لاکھ دیے جلائے جائیں گے۔ راہل گاندھی نے قبائلی بچوں کی اموات اور صحت و تعلیم کی صورت حال کا حوالہ دے کر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا

<div class="paragraphs"><p>قائد حزب اختلاف راہل گاندھی / ویڈیو گریب</p></div>

قائد حزب اختلاف راہل گاندھی / ویڈیو گریب

 

بھوپال: وزیراعظم نریندر مودی کی 76ویں سالگرہ کے موقع پر مدھیہ پردیش کے اجین میں شپرا ندی کے کنارے 25 لاکھ دیے جلانے کی تیاری کی گئی ہے۔ یہ پروگرام ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کیے جا رہے ’سیوا سنکلپ مہا ابھیان‘ کا حصہ ہے۔ دوسری جانب لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے اسی موقع پر مدھیہ پردیش حکومت کو ریاست کی صحت، تعلیم اور بنیادی سہولتوں کی صورت حال کے معاملے پر نشانہ بنایا ہے۔

راہل گاندھی نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں بالاگھاٹ میں قبائلی بچوں کی اموات کا حوالہ دیتے ہوئے ریاستی حکومت پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ علاقے میں 30 سے زیادہ قبائلی بچوں کی بیماری اور غذائی قلت کے درمیان موت ہو چکی ہے اور بنیادی صحت کی سہولتوں کی کمی بھی ایک مسئلہ ہے۔ مختلف رپورٹس کے مطابق بالاگھاٹ کے قبائلی علاقوں میں جون سے اب تک 30 سے زیادہ بچوں کی اموات کی اطلاع سامنے آئی ہے، جبکہ بیماریوں کی وجوہات میں خسرہ، ملیریا، غذائی قلت اور دیگر عوامل زیرِ بحث ہیں۔

راہل گاندھی نے وزیراعلیٰ موہن یادو سے کہا کہ اگر حکومت کو دیے جلانے اور جشن منانے سے فرصت مل گئی ہو تو وہ ریاست کی زمینی صورت حال بھی دیکھے۔ انہوں نے بیماری، غذائی قلت، صاف پانی کی کمی اور صحت کے نظام کی خرابی کو بچوں کی اموات سے جوڑا۔ انہوں نے مبینہ ملاوٹی ادویات اور غیر قانونی زہریلی شراب کے معاملات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہ اندور آ رہے ہیں جہاں طلبہ، نوجوانوں اور عام لوگوں سے مسلسل رائے لے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کی تعلیم کا نظام ملک میں سب سے زیادہ خراب حالت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ، بچے، غریب، دلت، قبائلی، پسماندہ طبقات اور خواتین سمیت ہر طبقہ پریشان ہے۔ آخر میں انہوں نے مدھیہ پردیش حکومت کو ’ہندوستان کی سب سے بدعنوان اور سب سے بدانتظام حکومت‘ قرار دیا۔

بالاگھاٹ میں بچوں کی اموات کا معاملہ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ تک بھی پہنچ چکا ہے۔ عدالت نے بچوں کی اموات سے متعلق دائر مفادِ عامہ کی عرضی پر ریاستی حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔

خیال رہے کہ ریاستی حکومت کے مطابق 17 ستمبر کی شام اجین کے مہاکال لوک میں شپرا ندی کے کنارے ’آشیرواد کا دیا‘ پروگرام منعقد کیا جائے گا، جس میں 25 لاکھ مٹی کے دیے روشن کیے جائیں گے۔ اس بڑے پیمانے کے پروگرام کے لیے تقریباً 30 ہزار رضاکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ موہن یادو نے وزیراعظم کی سالگرہ کے موقع پر ’سیوا سنکلپ‘ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مہم 17 ستمبر سے 17 اکتوبر تک چلائی جائے گی۔ اس کے تحت دیے جلانے کے پروگرام کے علاوہ خون عطیہ کیمپ، صفائی مہم، صحت سے متعلق سرگرمیوں اور دیگر عوامی پروگرام بھی منعقد کیے جانے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔