قومی خبریں

بھارت جوڑو یاترا میں 200 کلومیٹر کا سفر مکمل، راہل گاندھی نے کہا ’نوجوانوں کی ہے للکار، لے کر رہیں گے روزگار‘

’’گاندھی جی تو آج بھی ہمارے درمیان ہیں– سچائی، انصاف اور عدم تشدد کے نظریات میں... آئیے، آپ بھی تو گاندھی ہیں، بھارت جوڑو یاترا کے ساتھ جڑ کر ملک بچانے کے لیے جدوجہد کیجیے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

بھارت جوڑو یاترا نے منزل کی طرف بڑھتے ہوئے 200 کلومیٹر کا سفر طے کر لیا ہے۔ آج اس کی جانکاری کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے دی گئی، اور ساتھ میں ایک ویڈیو بھی شیئر کیا گیا۔ پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے ’’سنگ میل طے! بھارت جودو یاترا نے 200 کلومیٹر مکمل کر لیا۔ تمل ناڈو اور کیرالہ کے لوگوں کا تاریخی ردعمل تمام پدیاتریوں کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔ جنگ جاری ہے...۔‘‘ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ یہ سفر مجموعی طور پر 3570 کلومیٹر کا ہے جو کہ تمل ناڈو سے شروع ہوا تھا اور اس وقت کیرالہ میں ہے۔

Published: undefined

ایک عشرہ گزر جانے کے باوجود راہل گاندھی کی قیادت میں چل رہی اس ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں جوش اور حوصلے کی کوئی کمی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں عوام اور مختلف شعبہ حیات سے جڑے ہوئے لوگ یاترا میں شامل ہو رہے ہیں۔ جگہ جگہ رک کر راہل گاندھی لوگوں کے مسائل بھی سن رہے ہیں۔ آج ان کی ملاقات کئی نوجوان بے روزگاروں سے بھی ہوئی۔ اس تعلق سے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے ’’آج کی پدیاترا میں ہزاروں بے روزگار نوجوانوں نے شرکت کی۔ تاریخی بھارت جوڑو یاترا ان نوجوانوں کے لیے ایک پلیٹ فارم بن گیا ہے جس میں وہ بی جے پی حکومت کے ذریعہ کی گئی سنگین ناانصافیوں کے خلاف سوال اٹھا رہے ہیں۔‘‘

Published: undefined

دراصل آج وزیر اعظم نریندر مودی کا یومِ پیدائش بھی ہے، جس کے پیش نظر بڑی تعداد میں پورے ملک کے نوجوانوں نے ’قومی یومِ روزگار‘ منایا۔ راہل گاندھی نے خود بھی اس تعلق سے ایک ٹوئٹر پوسٹ میں پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور 8 چیتوں کی ہندوستان آمد پر بٹوری جانے والی سرخیوں کو بھی نشانہ بنایا۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’8 چیتے تو آ گئے، اب یہ بتائیے، 8 سالوں میں 16 کروڑ روزگار کیوں نہیں آئے؟‘‘ پھر وہ لکھتے ہیں ’’نوجوانوں کی ہے للکار، لے کر رہیں گے روزگار۔‘‘ ٹوئٹ کے آخر میں راہل گاندھی نے ہیش ٹیگ راشٹریہ بے روزگار دیوس بھی لگایا۔

Published: undefined

کانگریس نے ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں لوگوں کی بھیڑ اور ان کی محبت دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ’’دل جیتنا ہے، ملک جوڑنا ہے، ملک کا مستقبل محفوظ کرنا ہے۔ اسی ارادے کے ساتھ بھارت یاتری آگے بڑھ رہے ہیں۔‘‘ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے ’’مل رہا ہے پیار بے شمار‘‘۔ ایک دیگر پوسٹ میں لکھا گیا ہے ’’ہنکاروں سے محلوں کی بنیاد اکھڑ جاتی ہے، سانسوں کے بل (زور) سے تاج ہوا میں اڑتا ہے، جنتا (عوام) کی روکے راہ وقت میں تاؤ کہاں، وہ جدھر چاہتی ہے، کال (وقت) ادھر ہی مڑتا ہے۔‘‘

Published: undefined

کانگریس نے ایک ویڈیو پیغام میں عوام سے گزارش کی ہے کہ ملک کو متحد کرنے اور ترقی کی طرف گامزن کرنے کے لیے وہ بھی آگے آئیں اور بھارت جوڑو یاترا کو مقاصد میں کامیاب بنائیں۔ ویڈیو پیغام میں مہاتما گاندھی کا ایک تاریخی جملہ لکھا گیا ہے جو اس طرح ہے ’’سب سے پہلے وہ آپ کو نظر انداز کرتے ہیں۔ پھر وہ آپ پر ہنستے ہیں۔ پھر وہ آپ سے لڑتے ہیں۔ پھر آپ جیت جاتے ہیں۔‘‘ اس ویڈیو پوسٹ کے ساتھ عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ’’گاندھی جی تو آج بھی ہمارے درمیان ہیں– سچائی، انصاف اور عدم تشدد کے نظریات میں... آئیے، آپ بھی تو گاندھی ہیں، بھارت جوڑو یاترا کے ساتھ جڑ کر ملک بچانے کے لیے جدوجہد کیجیے۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined