
بچاؤ کاری کا منظر، تصویر بشکریہ بی ایم سی
ممبئی کے گھاٹ کوپر علاقہ میں آج علی الصبح لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کی زد میں آکر کئی لوگ ملبے میں دب گئے۔ پولیس نے بتایا کہ 2 لوگوں کی لاشیں ملبہ سے نکالی جا چکی ہیں اور کم و بیش 8 افراد اب بھی پھنسے ہو سکتے ہیں۔ راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ ممبئی میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے اور مانا جا رہا ہے کہ شدید بارش کے باعث ہی لینڈ سلائیڈنگ کا یہ واقعہ پیش آیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے گھاٹ کوپر علاقے میں آنے والے چراغ نگر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پہاڑ کا ایک حصہ غوثیہ چال پر آ گرا۔ اس لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر کئی لوگ ملبے میں دب گئے۔ اس حادثہ کے بعد علاقہ میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ ملبہ میں دبنے والے کچھ لوگوں کو فوری کارروائی کرتے ہوئے بچایا گیا، حالانکہ ملبے میں اب بھی 6 سے 8 لوگوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ انھیں بچانے کے لیے راحت و بچاؤ کا کام جاری ہے۔
پولیس کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق حادثہ علی الصبح تقریباً 4 بجے پیش آیا۔ مہاراشٹر پولیس اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں واقعہ کی خبر ملتے ہی جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور راحت رسانی کا کام شروع کر دیا۔ ممبئی کی میئر ریتو تاؤڑے بھی موقع پر پہنچ گئی ہیں اور راحت اور بچاؤ کے کام کا جائزہ لے رہی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایمبولینس کی گاڑیاں اب بھی موقع پر تعینات ہیں تاکہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا جا سکے۔ بی ایم سی نے بتایا کہ 2 لاشیں اسپتال پہنچائی گئی ہیں اور 2 زخمیوں، جن میں سہیل انصاری (18 سال) اور محمد انصاری (14 سال) شامل ہیں۔ مہلوکین سے متعلق جانکاری فی الحال سامنے نہیں آئی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔