قومی خبریں

وشاکھاپٹنم میں برکس نوجوانوں اور کھیل کے وزراء کا 2 روزہ اجلاس ہوگا

ہندوستان اپنی برکس صدارت 2026 کے تحت ہفتہ سے آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم میں برکس نوجوانوں اور کھیل کے وزراء کے اجلاسوں کی میزبانی کرے گا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

تصویر/آئی اے این ایس

 

ہندوستان اپنی برکس صدارت 2026 کے تحت ہفتہ (22 اگست) سے آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم میں برکس نوجوانوں اور کھیل کے وزراء کے اجلاسوں کی میزبانی کرے گا۔ 2 روز تک جاری رہنے والے ان اجلاسوں میں برکس کے تمام 11 رکن ممالک کے وزراء اور وفود کے سربراہان شرکت کریں گے۔ ان اجلاسوں کا مقصد نوجوانوں کے امور اور کھیل کے شعبوں میں برکس ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔

مرکزی وزیر برائے امور نوجوانان و کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویا ان اجلاسوں کی صدارت کریں گے، جبکہ مملکتی وزیر برائے امور نوجوانان و کھیل رکشا کھڈسے بھی اس میں شرکت کریں گی۔ برکس نوجوان وزراء کے اجلاس میں نوجوانوں کی ترقی اور بااختیار بنانے کے لیے تعاون بڑھانے پر زور دیا جائے گا۔ اجلاس کے ایجنڈے میں تعلیم، ہنرمندی کی ترقی، کاروباری صلاحیت، نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور پائیدار ترقی جیسے اہم موضوعات شامل ہوں گے۔ امید ہے کہ اجلاس کے اختتام پر ’برکس نوجوان وزراء کا مشترکہ اعلامیہ‘ اور ’برکس نوجوان تعاون فریم ورک‘ کو منظور کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 23 اگست کو ہونے والے برکس کھیل وزراء کے اجلاس میں برکس کے 11 رکن ممالک کے کھیل وزراء اور وفود کے سربراہان شرکت کریں گے۔ یہ اجلاس کھیلوں کے میدان میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ان کے مشترکہ عزم کا اعادہ کرے گا۔ 2026 میں ہندوستان کی برکس صدارت کا موضوع ’لچک، اختراع، تعاون اور پائیداری کے لیے تعمیر‘ ہے، جو عوام پر مرکوز اور انسانیت کو ترجیح دینے والے نقطۂ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔

وزارت امور نوجوانان و کھیل نے کہا کہ ’وزراء کے یہ اجلاس ہندوستان کی برکس صدارت کے دوران ہونے والے اجلاسوں اور تبادلۂ خیال کو آگے بڑھائیں گے اور برکس رکن ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔‘‘ وزارت نے کہا کہ اس اجلاس کے اختتام پر ’برکس یوتھ منسٹیریل جوائنٹ ڈکلیریشن‘ اور ’برکس یوتھ کوآپریشن فریم ورک‘ کو منظور کیا جائے گا۔

سرکاری پریس ریلیز کے مطابق ہندوستان کی برکس صدارت کے تحت ’اسپورٹس ٹریک‘ میں روایتی اور مقامی کھیلوں، کھیلوں کی ٹیکنالوجی، کھیلوں سے متعلق سامان کی تیاری اور ’جوائنٹ ڈکلیریشن‘ کو حتمی شکل دینے جیسے شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اس پروگرام میں ’برکس فرینڈشپ سائیکلنگ ایونٹ‘، تمام 11 برکس رکن ممالک کے نمائندوں کے بیانات، دوطرفہ اجلاس اور ثقافتی پروگرام بھی شامل ہوں گے۔ کھیل وزراء کے اجلاس میں برازیل، چین، مصر، ایتھوپیا، ہندوستان، انڈونیشیا، ایران، روس، سعودی عرب، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات کے وفود کے سربراہان اپنے بیانات پیش کریں گے، جس کے بعد ’جوائنٹ ڈکلیریشن‘ کو منظور کیا جائے گا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔