قومی خبریں

طبّی کانگریس کا 153واں مفت یونانی طبی کیمپ پلکھوا میں منعقد، 500 سے زائد افراد مستفید

آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے زیر اہتمام پلکھوا، ہاپوڑ میں 153واں مفت یونانی طبی کیمپ منعقد ہوا، جہاں 500 سے زائد افراد کا طبی معائنہ کیا گیا اور مفت ادویات تقسیم کی گئیں

<div class="paragraphs"><p>تصویر محمد تسلیم</p></div>

تصویر محمد تسلیم

 

آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے زیر اہتمام پلکھوا، ہاپوڑ میں 153واں مفت یونانی طبی کیمپ منعقد کیا گیا، جس میں 500 سے زائد افراد کا طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں مفت یونانی ادویات فراہم کی گئیں۔ منتظمین کے مطابق یہ سلسلہ عوام میں یونانی طریقۂ علاج کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور مختلف علاقوں میں پائی جانے والی بیماریوں کا جائزہ لینے کے مقصد سے مسلسل جاری ہے۔

تنظیم کی جانب سے بتایا گیا کہ اکتوبر 2020 میں ’یونانی اُپچار، جنتا کے دُوار، مشن 2025‘ کے تحت دہلی اور دہلی سے باہر کم از کم 100 مفت یونانی طبی کیمپ منعقد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ حکیم آفتاب عالم کی سربراہی میں دسمبر 2024 میں یہ ہدف مکمل کر لیا گیا، تاہم عوامی دلچسپی اور مثبت نتائج کے پیش نظر اس مہم کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت اب تک ایک سو ترپن طبی کیمپ منعقد کیے جا چکے ہیں۔

Published: undefined

منتظمین کے مطابق ان کیمپوں کا مقصد صرف مفت علاج اور ادویات کی فراہمی نہیں بلکہ مختلف علاقوں کی جغرافیائی صورت حال، مقامی بیماریوں کی نوعیت اور یونانی طریقۂ علاج کے بارے میں عوامی رجحانات کا جائزہ لینا بھی ہے تاکہ مستقبل میں طبی خدمات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

پلکھوا میں 5 جولائی 2026 کو منعقد ہونے والا یہ طبی کیمپ سماجی کارکن ایڈوکیٹ شاہ جبیں قاضی، مہتاب عالم اور آفتاب عالم کی سربراہی میں ایم وائی کے گلوبل اسکول میں منعقد کیا گیا۔ کیمپ کے دوران 500 سے زائد افراد کا معائنہ کیا گیا جبکہ ضرورت مند مریضوں کو مفت یونانی ادویات بھی فراہم کی گئیں۔

Published: undefined

طبی خدمات انجام دینے والوں میں پروفیسر ایس ایم عارف زیدی، ڈاکٹر ذکی الدین، ڈاکٹر سیّد احمد خاں، ڈاکٹر شہناز پروین، ڈاکٹر عمران، ڈاکٹر عبداللہ، ڈاکٹر عزیر بقائی، ڈاکٹر مظاہر ناصر اور ڈاکٹر حیدر ناصر شامل تھے۔ اس کے علاوہ حاجی تاج محمد، عبدالرؤوف، شمیم احمد، سرفراز عالم، اکرام خاں اور چھٹن بھائی سمیت متعدد رضاکاروں نے کیمپ کے کامیاب انعقاد میں تعاون کیا۔

کیمپ کا افتتاح علاقہ کے رکن اسمبلی چودھری اسلم علی خاں نے کیا۔ انہوں نے دہلی سے آنے والی طبی ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے مقامی سطح پر انتظامات سنبھالنے والے آفتاب عالم اور مہتاب عالم کو کامیاب انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔

Published: undefined

چودھری اسلم علی خاں نے کہا کہ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کی یہ عوامی خدمت قابلِ ستائش ہے اور ایسے طبی کیمپوں سے بڑی تعداد میں لوگوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا اور مزید علاقوں کے عوام اس سے مستفید ہوں گے۔

تقریب کے اختتام پر ایم وائی کے گلوبل اسکول کے منتخب طلبہ کو القاضی اردو اکیڈمی اینڈ کوچنگ ٹرسٹ کی جانب سے ان کی حوصلہ افزائی کے لیے اسناد بھی پیش کی گئیں۔ منتظمین نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ایسی مشترکہ سرگرمیاں معاشرے میں مثبت شعور پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

Published: undefined

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined