انٹرویو

انٹرویو: ’بی جے پی کے پاس دکھانے کے لیے بہت کم ہے‘، گوتم گودیال

انکیتا بھنڈاری قتل واقعہ بڑا ایشو بن چکا ہے۔ کلیدی ملزمین میں سے ایک کو قانونی تحفظ دینے کے لیے ریاست نے سی بی آئی جانچ جاری رہنے کے باوجود دُشینت کمار گوتم کو سکم کا گورنر تک بنا دیا۔

<div class="paragraphs"><p>اتراکھنڈ کانگریس کے صدر گنیش گودیال، تصویر ’فیس بک‘ @GaneshGodiyalINCUK</p></div>

اتراکھنڈ کانگریس کے صدر گنیش گودیال، تصویر ’فیس بک‘ @GaneshGodiyalINCUK

 

اتراکھنڈ پردیش کانگریس کے صدر گنیش گودیال اسمبلی میں بی جے پی کی زبردست اکثریت (بی جے پی کی 47 نشستوں کے مقابلے کانگریس کی 20 نشستیں) کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ پشکر سنگھ دھامی حکومت کے خلاف عوام میں شدید ناراضگی ہے اور بی جے پی کے اندرونی اختلافات عروج پر ہیں۔ پرچہ لیک ہونے، نوجوانوں میں بے روزگاری اور مقامی سطح پر ملازمتوں کی شدید قلت کو لے کر گہری بے اطمینانی ہے۔ خواتین کی سلامتی، مہنگائی، زندگی گزارنے کے بھاری اخراجات، زچگی کے دوران شرح اموات میں اضافے اور ماحولیات سے متعلق خدشات لوگوں کے ذہنوں میں سب سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔ بی جے پی حکومت مذہبی سیاحت، چار دھام یاترا میں عقیدت مندوں کی ریکارڈ تعداد، یکساں سول کوڈ نافذ کرنے، بیرونی لوگوں کو زمین فروخت کرنے پر پابندی اور دسمبر 2026 سے خواتین کو نقد رقم دینے جیسے اقدامات کی بڑے پیمانے پر تشہیر کر رہی ہے، لیکن کیا مسلسل تیسری بار حکومت بنانا یقینی سمجھا جائے؟ گنیش گودیال (برہمن) کو پریتم سنگھ اور ہرک سنگھ راوت کے ساتھ مل کر ریاست کی 2 اہم برادریوں (ٹھاکر اور برہمن، جو ریاست کی 60 فیصد آبادی ہیں) کو اپنے ساتھ رکھنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ دوٹوک اور صاف گو گودیال 22-2021 میں پردیش کانگریس کے صدر رہے تھے اور 2025 میں ایک بار پھر اس عہدے پر واپس آئے ہیں۔ رشمی سہگل کے ساتھ ان کی بات چیت کے اہم اقتباسات:

اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی اقتدار میں واپسی کے تعلق سے آپ کتنے پُراعتماد ہیں؟

بی جے پی گزشتہ 10 برسوں سے اقتدار میں ہے، لیکن حکمرانی یا جواب دہی کے نام پر اس کے پاس دکھانے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔ اس کا دورِ حکومت ادھورے وعدوں کی داستان کے سوا کچھ نہیں۔ خواتین کے خلاف جرائم میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور خواتین خود کو محفوظ محسوس نہیں کرتیں۔ بے روزگاری عروج پر پہنچ چکی ہے اور کسانوں، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں رہنے والوں کے پاس روزی روٹی کے کوئی مستقل ذرائع باقی نہیں بچے ہیں۔ جنگلات کی کٹائی کے سبب ان زرعی برادریوں پر جنگلی جانوروں کے حملوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ جنگلی حیات کے انتظام میں بدانتظامی کے باعث انسان اور جنگلی جانوروں کے درمیان تصادم بڑھ گیا ہے۔ صرف 2025 میں ہزاروں مویشی مارے گئے اور 29 لوگوں کی جان چلی گئی۔

پرچہ لیک ہونے کے بڑھتے ہوئے معاملات پر غور کیجیے۔ گزشتہ 10 برسوں میں ہم نے یکے بعد دیگرے کئی پرچے لیک ہوتے دیکھے ہیں۔ سبھی جانتے ہیں کہ ایسے گھوٹالوں کے پیچھے اکثر وزیروں کا ہاتھ ہوتا ہے اور وہ اس سے خوب پیسہ کماتے ہیں۔ ’اتراکھنڈ سب آرڈینیٹ سروس سلیکشن کمیشن‘کے ذریعہ منعقد ہونے والے گرام پنچایت وکاس ادھیکاری بھرتی امتحان کا پرچہ لیک ہوا۔ یہاں تک کہ اتراکھنڈ لوک سیوا آیوگ کے پٹواری اور لیکھ پال بھرتی امتحان کا پرچہ بھی لیک ہو گیا، جس کے سبب امتحان منسوخ کرنا پڑا اور پوری ریاست میں بڑے پیمانے پر احتجاج شروع ہو گیا۔ انجینئرنگ کالجوں میں بھی پرچے لیک ہوئے ہیں۔ ریاست میں سرکاری ملازمتوں کو بہت اہمیت دی جاتی ہے، لیکن بی جے پی نے اس منصفانہ موقع کو ہی پوری طرح تباہ کر دیا ہے۔

کیا آپ کو لگتا ہے کہ اتراکھنڈ میں پہلے سے زیادہ بدعنوانی ہے؟

بلاشبہ۔ شراب اور کانکنی مافیا پوری طرح بے لگام ہیں۔ دیکھیے کہ کس پیمانے پر سرکاری زمین دھوکہ دہی کے ذریعہ بلڈروں کو فروخت کی جا رہی ہے۔ اس پر کوئی روک ٹوک نہیں ہے۔ عوام کو اب یہ تشویش لاحق ہے کہ منشیات کا مافیا ریاست میں بڑے پیمانے پر اپنے قدم جما رہا ہے۔ تبادلوں اور تقرریوں کے ذریعے کھلے عام پیسے وصول کیے جا رہے ہیں۔

آپ نے خواتین کے خلاف جرائم کا ذکر کیا۔ کیا انکیتا بھنڈاری قتل معاملے کی گونج اب بھی عوام کے درمیان ہے اور کیا یہ تحریک کا اہم نکتہ بنے گا؟

خواتین محفوظ ماحول میں کام کرنا چاہتی ہیں۔ انکیتا کا قتل صرف اس لیے کر دیا گیا کیونکہ اس نے وی آئی پی لوگوں کو ’خصوصی خدمات‘ فراہم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اہم مشتبہ ملزمین میں سے ایک کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کے لیے ریاست نے سی بی آئی جانچ جاری رہنے کے باوجود دُشینت کمار گوتم کو سکم کا گورنر مقرر کرنے کی حد تک قدم اٹھایا۔ انکیتا کے والدین اپنا احتجاج درج کرانے کے لیے دہلی پہنچے۔ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی دونوں نے اپنی حمایت ظاہر کرنے کے لیے انڈیا گیٹ کا رخ کیا۔ یہ معاملہ خوددار لوگوں کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔

بی جے پی نے ایک غیر شادی شدہ ماں (جینی عرف اندرا دیوری) کے الزامات کے ذریعے جوابی حملہ کیا ہے، جس میں کانگریس لیڈر ہرک سنگھ راوت پر ناجائز بیٹے کا باپ ہونے کا الزام لگایا گیا تھا...!

بی جے پی نے انکیتا بھنڈاری معاملہ سے توجہ ہٹانے کے لیے یہ پرانا معاملہ اٹھایا ہے۔ پہلی بات تو یہ ہے کہ یہ 2003 کا بہت پرانا معاملہ ہے، جب جینی نے پہلی بار الزام لگایا تھا۔ راوت نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا (وہ اس وقت کی این ڈی تیواری حکومت میں وزیر تھے) اور خود سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا تھا۔ معاملہ سی بی آئی کے حوالے کر دیا گیا۔ ان کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا گیا، جس سے ثابت ہو گیا کہ وہ بچہ ان کا نہیں تھا۔ کسی کانگریسی لیڈر کو بدنام کرنے کے لیے پرانے معاملے کو دوبارہ ہوا دینے کی کوشش پوری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔

اتراکھنڈ میں مسلمانوں کے خلاف مہم کیوں چلائی جا رہی ہے، جبکہ ریاست میں ان کی آبادی بہت کم ہے؟

لوگوں میں تقسیم پیدا کرنے کے لیے۔ وہ اس فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنا چاہتے ہیں جو اس ریاست کی شناخت رہی ہے۔ گڑھوال کی مثال لیجیے، جہاں مسلمان نسلوں سے رہ رہے ہیں۔ ہم تمام برادریوں اور ذاتوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ووٹوں کے فائدے کے لیے کسی بھی برادری کو نشانہ بنانے میں ہمارا یقین نہیں ہے۔

بی جے پی مسلسل الزام لگاتی رہی ہے کہ ریاست میں ’درانداز‘ بھر گئے ہیں...!

بی جے پی گزشتہ 12 برسوں سے مرکز میں برسراقتدار ہے اور گزشتہ 10 برسوں سے اتراکھنڈ پر حکومت کر رہی ہے۔ اگر اسے لگتا ہے کہ آبادی کے تناسب میں کوئی تبدیلی ہوئی ہے تو وہ اعداد و شمار کیوں پیش نہیں کرتی؟ کتنے لوگ باہر سے آئے، ان کے نام پتے کیا ہیں اور دیگر تفصیلات کیا ہیں؟ یہ سب کچھ جان بوجھ کر ووٹروں میں خوف کا جھوٹا احساس پیدا کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

ووٹر لسٹ پر نظرثانی (ایس آئی آر) کے دوران ریاست میں بڑے پیمانے پر نام حذف کیے گئے۔ اس بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟

ایک ماہ تک جاری رہنے والی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) مہم کے دوران اتراکھنڈ کی ووٹر لسٹ سے 8 لاکھ سے زائد لوگوں کے نام حذف کر دیے گئے۔ اب ان سے کہا گیا ہے کہ وہ 2027 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے اپنے نام شامل کرانے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، جس کے تحت خصوصی مختصر نظرثانی (ایس ایس آر) اہل ووٹروں کو اپنے نام درج کرانے کا ایک اور موقع فراہم کر رہی ہے۔ انہیں 11 دسمبر تک اپنے دعوے اور اعتراضات درج کرانے ہیں۔ متاثرہ افراد فارم 6 (ووٹر لسٹ میں نام شامل کرانے کے لیے) یا فارم 7 (اگر وہ کسی نام کو حذف کرانے کی درخواست کرنا چاہتے ہیں) بھر سکتے ہیں۔ کچھ معاملات میں اترپردیش سے متصل سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے نام دونوں ریاستوں میں درج ضرور تھے، لیکن اتنی بڑی تعداد میں ناموں کا حذف کیا جانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

ہم نے پہاڑی علاقوں میں ہر بوتھ پر اپنے مقامی کارکنوں کو تعینات کیا ہے تاکہ جن لوگوں کے نام غلط طریقے سے حذف کر دیے گئے ہیں، انہیں دوبارہ شامل کرایا جا سکے۔ کچھ نام دوبارہ شامل کر لیے گئے ہیں؛ حتمی فہرست 4 جنوری کو جاری ہوگی۔ اس کے بعد ہی واضح ہو سکے گا کہ کن لوگوں کے نام شامل کیے گئے اور کتنے نام فہرست سے باہر رہ گئے۔

کیا کانگریس لیڈروں کے درمیان بہت زیادہ گروہ بندی ہے؟

یہ بی جے پی کی جانب سے پھیلایا گیا ایک پروپیگنڈہ ہے۔ وہ خود ہم سے کہیں زیادہ اندرونی اختلافات سے دوچار ہیں۔

مان لیا، لیکن انتخابات کے دوران وہ متحدہ چہرہ پیش کرتے ہیں...!

بی جے پی کو شکست دینے کے لیے ہم بھی پوری طرح متحد ہیں۔ میں نے ہمیشہ اپنے لیڈروں کو پورا احترام اور موقع دینے پر یقین رکھا ہے، چاہے وہ ہریش راوت ہوں، پریتم سنگھ ہوں، کرن ماہرا ہوں یا دیگر ساتھی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔