
ڈونالڈ ٹرمپ / آئی اے این ایس
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ جلد ختم ہو سکتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس جنگ میں ہر ماہ ہزاروں افراد ہلاک ہو رہے ہیں اور صورت حال انتہائی خونریز ہو چکی ہے۔ ٹرمپ نے یہ دعویٰ روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ اپنی بات چیت کے حوالے سے کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک بیان میں بتایا کہ چین میں اپنی ملاقات کے دوران انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ اس معاملے پر کافی وقت تک گفتگو کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ صدر پوتن یورپ کے مختلف علاقوں میں جاری تمام فوجی جارحانہ کارروائیاں بند کریں اور اپنی فوجی سرگرمیاں واپس لیں، تاکہ روس اور یوکرین کے درمیان جلد از جلد کوئی معاہدہ ہو سکے۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا، ’’مجھے واقعی لگتا ہے کہ اس معاہدے کے امکانات کافی زیادہ ہیں۔ ہر ماہ ہزاروں افراد مارے جا رہے ہیں۔ یہ صورت حال مکمل طور پر خونریزی میں تبدیل ہو چکی ہے۔ اگر امن معاہدہ ہو جاتا ہے تو یہ تمام فریقوں کے لیے ایک بڑی کامیابی اور ہلاک ہونے والوں کے لیے ایک خراج عقیدت ہوگا۔‘‘
امریکی صدر نے بتایا کہ انہیں مار اے لاگو میں نیٹو کے سکریٹری جنرل مارک روٹے سے ملاقات کا بھی موقع ملا۔ اس ملاقات کے دوران کئی اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے مارک روٹے کو روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ہونے والی اپنی بات چیت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ ٹرمپ اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ روس اور یوکرین کے دونوں رہنما جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں، تاہم انہیں اس مقصد کے حصول کا کوئی واضح راستہ دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن اور یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کے درمیان شدید دشمنی امن کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان نفرت کی شدت بہت زیادہ ہے اور ایسے حالات میں کسی معاملے کو حل کرنا آسان نہیں ہوتا۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ جنگ کے ابتدائی دنوں میں انہیں لگتا تھا کہ اس تنازع کو ختم کرنا ان کے لیے آسان ہوگا۔ تاہم، اس کے بعد انہوں نے سفارتی کوششوں میں شامل امریکی نمائندوں سے بھی بات چیت کی اور اب بھی ان کا خیال ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ ممکن ہے۔
امریکی صدر کے مطابق اس جنگ میں ہر ماہ تقریباً 25 ہزار افراد اپنی جان گنوا رہے ہیں، جن میں زیادہ تر فوجی شامل ہیں۔ تاہم، انہوں نے اس دعوے کی تائید میں کسی رپورٹ یا اعداد و شمار کا حوالہ نہیں دیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔