عالمی خبریں

ٹرمپ کا ایران کے ساتھ اہم نکات پر اتفاقِ رائے کا دعویٰ، آبنائے ہرمز کھولنے اور جوہری ہتھیار نہ بنانے کی شرط

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ اہم معاملات پر پیش رفت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کھولی جائے گی، بحری ناکہ بندی ختم ہوگی اور ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا

ڈونلڈ ٹرمپ
ڈونلڈ ٹرمپ 

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں نمایاں پیش رفت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی اہم معاملات پر اتفاقِ رائے قائم ہو گیا ہے، تاہم حتمی منظوری سے قبل وہ وائٹ ہاؤس کے سیچویشن روم میں اعلیٰ حکام کے ساتھ مشاورت کریں گے۔

ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کو اس بات پر متفق ہونا ہوگا کہ وہ کبھی بھی جوہری ہتھیار یا جوہری بم حاصل نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھول دیا جانا چاہیے تاکہ دونوں سمتوں میں بحری جہازوں کی بلا رکاوٹ آمد و رفت ممکن ہو سکے اور کسی قسم کا محصول عائد نہ کیا جائے۔

Published: undefined

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز میں عائد امریکی بحری ناکہ بندی ختم کی جا رہی ہے اور وہ جہاز جو اس راستے میں پھنسے ہوئے تھے، اب واپسی کا سفر شروع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سمندری بارودی سرنگوں کے مسئلے پر بھی پیش رفت ہوئی ہے اور باقی ماندہ سرنگوں کو ہٹانے یا تباہ کرنے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

ٹرمپ کے مطابق گزشتہ برس ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی فضائی حملوں کے بعد زیرِ زمین دب جانے والا افزودہ جوہری مواد، جسے انہوں نے ’جوہری غبار‘ قرار دیا، نکال کر تباہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کام ایران، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی اور امریکہ کے درمیان قریبی تعاون سے انجام پائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں کوئی مالی لین دین نہیں ہوگا۔

Published: undefined

ادھر ذرائع کے حوالے سے اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کو مزید 60 دن تک بڑھانے کے لیے ایک ابتدائی معاہدہ طے پایا ہے تاکہ باضابطہ مذاکرات کے لیے وقت فراہم کیا جا سکے۔ تاہم امریکی صدر نے ابھی تک اس مجوزہ سمجھوتے کی حتمی منظوری نہیں دی ہے۔

ایرانی پارلیمان کے اسپیکر اور مذاکراتی عمل میں اہم کردار ادا کرنے والے محمد باقر قالیباف نے مذاکرات کے حوالے سے محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو یقین دہانیوں یا الفاظ پر بھروسہ نہیں بلکہ صرف عملی اقدامات قابلِ قبول ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں اصل پیمانہ عمل درآمد ہے، نہ کہ وعدے۔

Published: undefined

دوسری جانب ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نے مذاکراتی ٹیم سے قریبی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ مجوزہ فریم ورک کے متن میں حالیہ دنوں میں تبدیلیاں کی گئی ہیں اور اسے ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی۔ اس لیے معاہدے کو مکمل اور منظور شدہ قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کئی حساس امور پر پیش رفت ہوئی ہے۔ ایران طویل عرصے سے آبنائے ہرمز پر عائد پابندیوں اور ناکہ بندی کے خاتمے کا مطالبہ کرتا رہا ہے، جبکہ امریکہ جوہری پروگرام کے حوالے سے سخت شرائط پر زور دیتا آیا ہے۔

Published: undefined

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined