عالمی خبریں

ایران پر امریکی پابندی ’معاشی دہشت گردی‘: ڈاکٹر حسن روحانی

حسن روحانی نے دنیا کو درپیش چیلنجوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی نے ایران کو بہت بڑا نقصان پہنچایا ہے اور ایران نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت بڑی قربانی پیش کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی

تہران: ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے امریکہ کی جانب سے ملک کے تیل، تجارت اور دیگر شعبوں پر لگائی گئیں پابندیوں کو ’معاشی دہشت گردی‘ قرار دیا ہے۔

ڈاکٹر روحانی نے سنیچر کو یہاں دہشت گردی اور علاقائی تعاون سے متعلق افغانستان، چین، پاکستان، روس اور ترکی کے پارلیمانی اسپیکروں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا یہ قدم ایک طرح سے ’معاشی دہشت گردی‘ ہے اور ان کی جانب سے لگائی گئی یہ پابندی غیر قانونی اورغیر انسانی ہے۔ انہوں نے کانفرنس میں شامل ممالک سے اس مسئلہ پر متحدہ فرنٹ تشکیل دینے کی اپیل کی۔

ایران اور عالمی طاقتوں کے ساتھ ہوئے نیوکلیائی سمجھوتے سے امریکہ مئی 2015 میں نکل گیا تھا اور اس کے بعد امریکہ نے ایران پر تجارت سمیت مختلف طرح کی پابندیاں عائد کردی تھیں۔

Published: 08 Dec 2018, 9:09 PM IST

مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں 6 ممالک ایران، پاکستان، ترکی، چين، روس اور افغانستان کے پارلیمانی سربراہان کا  دہشت گردی کے خلاف باہمی تعاون کے دوسرے اجلاس کا آغاز ہوا۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے 6 ممالک کے پارلیمانی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم کے خلاف امریکی پابندیاں، اقتصادی دہشت گردی کا واضح نمونہ ہیں۔ صدر حسن روحانی نے دنیا کو درپیش چیلنجوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی نے ایران کو بہت بڑا نقصان پہنچایا ہے اور ایران نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت بڑی قربانی پیش کی ہے۔

Published: 08 Dec 2018, 9:09 PM IST

صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی پارلیمنٹ کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گيا جس میں 72 افراد شہید ہوگئے جن میں ڈاکٹر شہید بہشتی بھی شامل ہیں۔ اس کے بعد ایران کے سابق صدر اور وزير اعظم کو دہشت گردوں نے شہید کردیا۔ اور ایران میں دہشت گردی پھیلانے والے دہشت گردوں کو آج امریکہ اور یورپی ممالک کی مکمل حمایت اور پذیرائی حاصل ہے۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کے سائنسی اور ایٹمی ماہرین کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا اور مغربی ممالک نے ان دہشت گردوں کو مدد فراہم کی۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف امریکہ کی متضاد پالیسی کی وجہ سے دہشت گردی کو فروغ ملا اور امریکہ آج بھی دہشت گردی اور دہشت گردوں کا اصلی حامی ملک ہے۔ امریکہ کی ایرانی عوام کے خلاف اقتصادی پابندیاں در حقیقت امریکہ کی اقتصادی دہشت گردی کا واضح نمونہ ہیں۔ امریکہ کا ماحولیات کے معاہدے اور مشترکہ ایٹمی معاہدے اور دیگر معاہدوں سے خارج ہونا اس بات کا مظہر ہے کہ امریکہ عالمی سطح پر سیاسی، سماجی، عسکری اور اقتصادی شعبوں میں دہشت گردی کی آشکارا سرپرستی کررہا ہے۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے عالمی سطح پر امریکہ کو لگام دینا بہت ضروری ہے اور اگر ہم نے باہمی اتحاد کے ذریعہ امریکہ کی منہ زوری کا مقابلہ نہ کیا تو امریکہ پوری دنیا کے لئے بہت بڑا خطرہ بن جائےگا۔

Published: 08 Dec 2018, 9:09 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 08 Dec 2018, 9:09 PM IST

,
  • ٹی-20 عالمی کپ: ویسٹ انڈیز کو ملی دہشت گردانہ حملہ کی دھمکی، سیکورٹی میں اچانک کیا گیا اضافہ