عالمی خبریں

امریکی میزائل حملوں میں 7 ایرانی فوجی ہلاک، تہران کا جنگ بندی معاہدہ ختم کرنے کا اعلان

ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی میزائل حملوں میں 7 فوجی شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ امریکہ نے نئے حملوں کی تصدیق کی جبکہ ایران نے جنگ بندی سے متعلق معاہدے کے خاتمے کا اعلان کر دیا

<div class="paragraphs"><p>آبنائے ہرمز سے گزرتے جہاز، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

آبنائے ہرمز سے گزرتے جہاز، تصویر سوشل میڈیا

 

ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ سیستان و بلوچستان کے علاقے بمپور میں واقع ایک فوجی اڈے کے رہائشی حصے پر امریکی میزائل حملے میں 7 فوجیوں کی شہادت ہوئی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ایرانی فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے کے مطابق بدھ کی صبح امریکی افواج نے فوجی بیرک کے رہائشی علاقے کو تقریباً 13 میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

ایرانی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے، ’’شہید ہونے والوں کا تعلق ایران شہر میں تعینات 388ویں بریگیڈ سے تھا، جن میں مستقل خدمات انجام دینے والے فوجیوں کے ساتھ لازمی فوجی خدمت انجام دینے والے اہلکار بھی شامل ہیں۔ زخمی فوجیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔‘‘

اس سے قبل ایرانی ذرائع ابلاغ نے بمپور سمیت خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کے قریب واقع کئی ساحلی علاقوں میں دھماکوں کی اطلاعات دی تھیں۔ امریکی حملوں کے بعد علاقے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، تاہم ایرانی فوج کے اس دعوے پر امریکی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب امریکی فوج کی سینٹرل کمان نے اپنے بیان میں ایران کے خلاف نئے حملوں کی تصدیق کی ہے۔ امریکی فوج کے مطابق ایرانی مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے کیے گئے ان حملوں کا مقصد ایران کی ان فوجی صلاحیتوں کو مزید کمزور کرنا تھا جنہیں آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

امریکی فوج نے کہا ہے کہ حملوں کا ہدف ایسے فوجی وسائل تھے جو خطے میں بحری نقل و حمل اور بین الاقوامی تجارتی سرگرمیوں کے لیے خطرہ سمجھے جا رہے تھے۔ امریکی مؤقف کے مطابق یہ کارروائیاں بحری راستوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ ایرانی ذرائع کے مطابق امریکی حملوں کے جواب میں ایران نے خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اردن، بحرین اور کویت میں واقع امریکی اڈے ایرانی کارروائیوں کی زد میں آئے ہیں۔ اسی دوران امریکہ نے ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں کے قریب بحری ناکہ بندی کی کارروائیاں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔ ایران نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کو باضابطہ شکل دینے والے اسلام آباد معاہدے کی اب کوئی حیثیت باقی نہیں رہی اور اسے ختم تصور کیا جائے گا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔