
آئی اے این ایس
عمان کے ساحل کے قریب تجارتی ٹینکر ’سیٹے بیلو‘ پر حملے کے بعد ہندوستان نے نئی دہلی میں امریکہ کے ناظم الامور (چارج ڈی افیئرس) کو طلب کر کے سخت احتجاج درج کرایا ہے۔ اس حملے میں جہاز پر موجود 24 ہندوستانی عملے کے ارکان میں سے 21 کو بحفاظت بچا لیا گیا، جبکہ 3 ہندوستانی اب بھی لاپتا ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق جہاز پر کل 28 افراد سوار تھے، جن میں 24 ہندوستانی شامل تھے۔ وزارت نے کہا کہ عمان میں ہندوستانی سفارت خانہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور مقامی حکام کے ساتھ مل کر تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں کی نگرانی کر رہا ہے۔
Published: undefined
آج تک کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ میں امریکہ امور کے ایڈیشنل سکریٹری ناگ راج نائیڈو نے بدھ کو امریکہ کے ناظم الامور جیسن میکس کو طلب کیا۔ ملاقات کے دوران ہندوستان نے جہاز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے سمندر میں موجود اپنے شہریوں کی سلامتی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ امریکی حکام کی جانب سے اس معاملے پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برطانوی بحری سلامتی ادارے ایمبرے نے ابتدائی اندازے میں کہا ہے کہ یہ واقعہ ایران سے متعلق بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے لیے جاری امریکی کارروائیوں سے جڑا ہو سکتا ہے۔ بحری سلامتی سے وابستہ ایک اور ذریعے نے بھی امکان ظاہر کیا ہے کہ جہاز امریکی میزائل حملے کا نشانہ بنا ہو، تاہم اس کی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
Published: undefined
وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ خطے میں تجارتی جہازوں پر مسلسل حملے انتہائی تشویش ناک ہیں اور یہ مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کا براہ راست نتیجہ ہیں۔ ہندوستان نے تمام فریقوں سے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے، جنگ بندی کی جانب پیش رفت اور سفارتی مذاکرات کے ذریعے تنازع کا حل نکالنے کی اپیل کی ہے۔
حکومت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی تجارتی راستوں کو جغرافیائی سیاسی کشیدگی سے محفوظ رکھا جانا چاہیے۔ وزارت کے مطابق تجارتی جہازوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے واقعات فوری طور پر بند ہونے چاہئیں اور بین الاقوامی سمندری قوانین کے مطابق اہم بحری راستوں پر جہاز رانی اور تجارت کو بلا رکاوٹ جاری رہنا چاہیے۔
Published: undefined
رائٹرز کے مطابق پالاؤ کے پرچم والے اس آئل اور کیمیکل ٹینکر کے انجن روم میں آگ لگنے کی اطلاع عمان کے شہر صحار کے قریب ملی تھی۔ برطانوی ادارے وینگارڈ کے مطابق عمانی بحریہ نے ہنگامی کال موصول ہونے کے بعد فوری امدادی کارروائی شروع کی۔ جہاز کو آخری مرتبہ یکم جون کو عمان کے ساحل کے قریب دیکھا گیا تھا۔
Published: undefined
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined