
عدالتی فیصلہ / Getty Images
اردن کی ایک عدالت نے گزشتہ ماہ یونانی آرتھوڈوکس چرچ پر فائرنگ کرکے نو افراد کو ہلاک کرنے اور 34 دیگر کو زخمی کرنے کے جرم میں تین افراد کو سزائے موت سنائی ہے۔ تینوں مجرموں کو دہشت گردانہ سرگرمیوں، غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے اور ایک دہشت گرد تنظیم کے نظریات کو فروغ دینے سمیت متعدد الزامات میں قصوروار قرار دیا گیا ہے۔
اردن کی مسلح افواج کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ بیان کے مطابق یہ حملہ 23 اکتوبر کو ملک کے کرک صوبے میں واقع ایک یونانی آرتھوڈوکس چرچ میں کیا گیا تھا۔ حملے میں نو افراد ہلاک اور 34 زخمی ہوئے تھے۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت کے بعد تینوں ملزمان کو موت کی سزا سنائی۔ سزا پانے والوں میں اردن سے تعلق رکھنے والے دو سگے بھائی اور ان کا ایک رشتہ دار شامل ہیں۔ تاہم حکام نے تینوں کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔
حملے کے روز سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں تین مسلح افراد کو حمود گاؤں میں واقع سینٹ جارج چرچ کی جانب بڑھتے اور وہاں فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ حملے کی ایک دوسری ویڈیو میں جائے وقوع پر افراتفری کے مناظر دکھائی دیے تھے، جہاں کئی افراد ہلاک اور زخمی حالت میں زمین پر پڑے ہوئے تھے۔
حملے کے بعد اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں قومی اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ اپنی گولیوں کے ذریعے اردن کے عوام کو تقسیم کرسکتے ہیں، ان کے لیے ملک کے اتحاد کے سامنے کوئی گنجائش نہیں ہے۔
تینوں حملہ آور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے تھے۔ تاہم سکیورٹی فورسز نے تین روز بعد انہیں دارالحکومت عمان کے جنوب میں واقع کرک صوبے میں ایک خالی مکان سے گرفتار کرلیا تھا۔
واضح رہے کہ اردن میں سزائے موت پر عمل درآمد پھانسی کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ ملک میں 2006 سے 2014 تک غیر رسمی طور پر سزائے موت پر عمل درآمد روک دیا گیا تھا۔ اس کے بعد 2017 سے رواں سال جون تک بھی کسی مجرم کو پھانسی نہیں دی گئی تھی۔ تازہ عدالتی فیصلے نے ایک بار پھر اردن میں دہشت گردی اور مذہبی مقامات پر حملوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کو نمایاں کیا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔