
آئی اے این ایس
روم: اٹلی میں بدھ کے روز تقریباً 6300 سرکاری اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد ملک بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ ای میل کے ذریعے بھیجی گئی ان دھمکیوں کے پیش نظر کئی اسکولوں کی عمارتیں احتیاطاً خالی کرا لی گئیں۔ تاہم اٹلی کی حکومت اور حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں کسی حقیقی خطرے یا دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کے شواہد نہیں ملے ہیں اور یہ واقعات کسی منظم سائبر حملے کا حصہ معلوم ہوتے ہیں۔
اٹلی کے وزیر تعلیم جوسیپے والدیٹارا نے ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی اور یورپ کے دیگر ممالک میں اس طرح کی دھمکیاں ملنے کے پیچھے ایک واضح حکمت عملی نظر آتی ہے۔ ان کے مطابق ان دھمکیوں میں صرف تعلیمی اداروں ہی کو نہیں بلکہ ہوائی جہازوں، سپر مارکیٹوں اور یہاں تک کہ اسپتالوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
اٹلی کے دارالحکومت روم کے علاوہ نیپلز، میلان، جینوا، ویسنزا، فلورنس، پیسا اور ٹریئسٹے سمیت متعدد شہروں کے اسکولوں کی انتظامیہ کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئیں۔ صورت حال کے پیش نظر پولیس، فوجی پولیس کارابینیری اور بم ناکارہ بنانے والے ماہرین نے مختلف مقامات پر حفاظتی جانچ شروع کی۔ کئی اسکولوں میں طلبہ اور اساتذہ کو احتیاطاً عمارتوں سے باہر نکال دیا گیا۔
اٹلی کے حکام کے مطابق بدھ کے روز ایک ہی دھمکی آمیز ای میل ملک کے مجموعی طور پر 7476 سرکاری اسکولوں میں سے 6300 کے ان باکس میں بھیجی گئی تھی۔ تاہم نجی اسکولوں کو اس طرح کی کوئی دھمکی موصول نہیں ہوئی۔
وزیر اعظم جارجیا میلونی نے صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے سینئر وزرا اور خفیہ ایجنسیوں کے سربراہوں کے ساتھ ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ اس کے علاوہ حزب اختلاف کے رہنماؤں کی بھی جمعرات کو ان سے ملاقات طے تھی۔
میلونی نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں کو بم سے اڑانے کی دھمکیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے، لیکن اب تک کی تحقیقات میں کسی ٹھوس خطرے کے شواہد سامنے نہیں آئے ہیں۔ انہوں نے فیس بک پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ دھمکیاں لوگوں میں خوف اور تشویش پیدا کرنے کی حکمت عملی کا حصہ معلوم ہوتی ہیں۔
اس سے قبل اطالوی میڈیا نے وزیر تعلیم کے حوالے سے بتایا تھا کہ ابتدائی طور پر تقریباً 300 اسکول ان دھمکیوں سے متاثر ہوئے ہیں۔ تاہم بعد میں سامنے آنے والی سرکاری معلومات کے مطابق یہ تعداد بڑھ کر 6,300 تک پہنچ گئی۔
اطالوی پولیس ای میل کے ماخذ اور اس میں کیے گئے دعوؤں کی حقیقت جاننے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال کسی ایسے ٹھوس ثبوت کا پتا نہیں چلا ہے جس سے ان دھمکیوں کو حقیقی قرار دیا جا سکے۔ اس کے باوجود تعلیمی اداروں کی حفاظت کے لیے احتیاطی اقدامات جاری ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔