
آبدیدہ نونو ڈا کوسٹا اور اس کے اہل خانہ، تصویر سوشل میڈیا
’فیفا عالمی کپ 2026‘ کے ’راؤنڈ آف 32‘ کے ایک انتہائی اہم مقابلہ میں 4 جولائی کو موجودہ چمپئن ارجنٹائنا نے کیپ وردے کو 2-3 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ ارجنٹائنا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف کیپ وردے کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، اور جب کھیل ختم ہوا تو ارجنٹائنا کی فتح کے باوجود اسٹیڈیم میں موجود شائقین کی بڑی تعداد کیپ وردے کے لیے تالیاں بجا رہے تھے۔
Published: undefined
ارجنٹائنا اور کیپ وردے کے درمیان مقابلہ ختم ہونے کے بعد کیمرے میں قید ہونے والا منظر شکست و فتح سے کہیں بڑھ کر انسانی جذبات کی ایک مثال پیش کر رہا تھا۔ آخری سیٹی بجتے ہی کیپ وردے کے اسٹرائیکر نونو ڈا کوسٹا شکست کا دکھ برداشت نہ کر سکے اور میدان کے کنارے بیٹھ کر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔ یہ لمحہ انتہائی جذباتی تھا، اور عالمی کپ کا خواب ٹوٹنے کی مایوسی ان کے چہرے پر صاف جھلک رہی تھی۔
Published: undefined
اسی دوران کچھ ایسا ہوا، جس نے اسٹیڈیم میں موجود سبھی لوگوں کو جذباتی کر دیا۔ دراصل روتے ہوئے نونو ڈا کوسٹا کو دیکھ کر ان کی اہلیہ اور بیٹا لوئیس ان کے پاس پہنچے۔ دونوں نے نونو کو گلے لگایا، ان کے آنسو پونچھے اور انہیں دلاسہ دیا۔ والد کی آنکھوں میں آنسو دیکھ کر لوئیس بھی آبدیدہ ہو گیا۔ خاندان کی اس محبت اور ساتھ کو دیکھ کر وہاں موجود تماشائی بھی جذباتی ہو گئے۔ یہ لمحہ چند ہی منٹوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ لاکھوں فٹبال شائقین نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک کھلاڑی کی شکست نہیں، بلکہ اس کی جدوجہد، محنت اور خوابوں کی کہانی ہے۔
Published: undefined
سوشل میڈیا پر کئی لوگوں نے اس لمحہ کو ’فیفا عالمی کپ 2026‘ کا سب سے جذباتی لمحہ قرار دیا ہے۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ میدان میں اسکور بورڈ اگرچہ کیپ وردے کی شکست دکھا رہا تھا، لیکن نونو ڈا کوسٹا کے لیے سب سے بڑی جیت یہ تھی کہ مشکل وقت میں ان کا خاندان پوری مضبوطی کے ساتھ ان کے شانہ بہ شانہ کھڑا تھا۔ اہلیہ اور بیٹے کی یہ محبت اور حوصلہ افزائی ہر کسی کے دل کو چھو گئی۔ عالمی کپ میں عموماً شاندار گول، سنسنی خیز مقابلے اور ریکارڈز سرخیوں میں رہتے ہیں، لیکن اس بار ایک خاندان کی یہ تصویر لوگوں کے دلوں میں گھر کر گئی۔
Published: undefined
اگرچہ کیپ وردے کے پہلے فیفا عالمی کپ کا سفر راؤنڈ آف 32 میں ختم ہو گیا، لیکن تقریباً 5.5 لاکھ کی آبادی والے اس چھوٹے سے ملک نے اپنے جذبے، شاندار کارکردگی اور جدوجہد سے پوری دنیا کا دل جیت لیا۔ پورے ٹورنامنٹ کے دوران ٹیم کو نہ صرف عام فٹبال شائقین بلکہ کئی عظیم کھلاڑیوں اور مشہور شخصیات کی جانب سے بھی بھرپور حمایت حاصل رہی۔ کیپ وردے نے اپنی کارکردگی اور کھیل کے جذبے سے یہ ثابت کر دیا کہ فٹبال میں صرف جیتنے والی ٹیم ہی نہیں، بلکہ دل جیتنے والی ٹیم بھی ہمیشہ یاد رکھی جاتی ہے۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined