
تصویر/آئی اے این ایس
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں جرمنی نے کیوراساؤ کو 7-1 سے روندتے ہوئے ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز کیا۔ اس دھماکے دار کارکردگی کے ساتھ ہی جرمنی نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ جرمنی فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والی ٹیم بن گئی ہے۔ جرمنی نے یہ تاریخی کامیابی کیوراساؤ کے خلاف میچ میں ساتواں گول اسکور کرتے ہوئے حاصل کی۔ فیفا ورلڈ کپ میں اب جرمنی کے مجموعی گولز کی تعداد 239 ہو چکی ہے۔ جرمنی نے اس معاملے میں 5 بار کی عالمی چمپئن برازیل کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ برازیل نے اس میگا ایونٹ میں اب تک مجموعی طور پر 238 گول کیے ہیں۔ دوسری جانب، دفاعی چمپئن ارجنٹائن 152 گولز کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے، جبکہ 136 گول کر کے فرانس چوتھے نمبر پر قابض ہے۔ اٹلی نے ورلڈ کپ میں 128 گول کیے ہیں اور وہ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
Published: undefined
کیوراساؤ کے خلاف میچ کے ابتدائی 6 منٹ میں ہی جرمنی نے پہلا گول داغ کر اپنے ارادے ظاہر کر دیے۔ حالانکہ کیوراساؤ نے ہر کسی کو حیران کرتے ہوئے جلد ہی اسکور 1-1 کی برابری پر لا کھڑا کیا۔ اس کے بعد جرمنی کی جانب سے ایک کے بعد ایک کئی گول داغے گئے۔ نیکو شلوٹر بیک نے کارنر کک پر بہترین ہیڈر مارتے ہوئے جرمنی کو 2-1 کی برتری دلا دی۔ اس کے بعد پہلے ہاف کے ’اسٹاپیج ٹائم‘ میں کائی ہیورٹز نے ملنے والی پنالٹی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جرمنی کی برتری کو 3-1 کر دیا۔ دوسرے ہاف میں جرمنی نے اور بھی زیادہ جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ کھیل شروع ہونے کے محض 69 سیکنڈز بعد ہی جمال موسیالا نے زبردست گول کرتے ہوئے ٹیم کی جانب سے میچ کا چوتھا گول کیا۔
Published: undefined
واضح رہے کہ کیوراساؤ کا دفاع جرمنی کے اسٹار کھلاڑیوں کے سامنے مکمل طور پر بے بس نظر آیا۔ ورلڈ کپ میں اپنا ڈیبیو کرنے والے نیتھنیئل براؤن نے شاندار گول کرتے ہوئے اسکور کو 5-1 کر دیا۔ کچھ ہی دیر بعد ڈینس اونداو نے جرمنی کے لیے چھٹا گول داغ دیا اور کیوراساؤ کے دفاع کو مشکلات میں ڈال دیا۔ میچ کے اختتام کے قریب کائی ہیورٹز نے ساتواں گول کرتے ہوئے جرمنی کی یادگار فتح پر مہر لگا دی۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined